مسلم لیگ نے پنجاب میں بڑے شہروں کے میئرز کے نام فائنل کرلیے

مسلم لیگ نے پنجاب میں بڑے شہروں کے میئرز کے نام فائنل کرلیے

اسلام آباد: مسلم لیگ ن نے بڑے شہریوں کے میئرز کے ناموں کو فائنل کرلیا ہے ۔ ناموں کی منظوری  وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدار ت ن لیگ پنجاب کے اجلاس میں دی گئی ۔

نیو نیوز کے مطابق وزیر اعظم نوازشریف کی زیر صدارت ہونے والے ن لیگ پنجاب کے اجلاس میں وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ ، حمزہ شہباز شریف ، پرویز ملک ، احسن اقبال ، چودھری نثار سمیت دیگر رہنما موجود تھے ۔ اجلاس میں میئر میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کیلئے سردار نسیم کو امیدوار نامزد کیا گیا جبکہ میئر لاہور کے امیدواروں کی لسٹ سے خواجہ حسان کو آوٹ کر کے کرنل (ر) شہباز اور خاتون امیدوار کے ناموں پر غور کیا گیا ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ میئر لاہور کا اعلان وزیر اعظم کل دونوں امیدواروں سے ملاقات کے بعد کریں گے ۔ کل کے اجلاس میں چودھری نثار ،شاہد خاقان ، جاوید اخلاص بھی شریک ہونگے ۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلا س میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ فیصل آباد شہرکا میئر رانا ثناءاللہ گروپ سے ہو گا تاہم ضلع کونسل فیصل آباد کے چیئرمین کا نام فائنل کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی ۔راولپنڈی کیلئے میئر نامزد ہونے والے سردار نسیم رکن پنجاب اسمبلی بھی رہ چکے ہیں ۔

اجلاس میں خواجہ حسان کے نام پر اختلاف سامنے آیاجس کے بعد لاہور کے میئر کا انتخاب کرنے کا فیصلہ وزیر اعظم نوازشریف پر چھوڑ دیا گیا ہے جبکہ کل ہونے والے اجلاس میں میئر اور ڈپٹی میئر فیصل آباد کیلئے بھی رانا ثناءاللہ اور عابد شیر علی گروپ میں اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔