ہیپاٹائٹس پری وینشن اینڈ ٹریٹمنٹ کلینک رواں ماہ کے آخر تک کام شروع کر دے گا

ہیپاٹائٹس پری وینشن اینڈ ٹریٹمنٹ کلینک رواں ماہ کے آخر تک کام شروع کر دے گا

لاہور: صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کے ہیڈ آفس میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں پی کے ایل آئی کے زیر اہتمام بیدیا ں روڈ پر ہیپاٹائٹس پری وینشن اینڈ ٹریٹمنٹ کلینک کی تکمیل اور رواں ماہ کے آخری ہفتہ میں متوقع افتتاحی تقریب کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پی کے ایل آئی کے چیئرمین ڈاکٹر سعید اختر کے علاوہ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ ، ایڈیشنل سیکرٹری چیف منسٹر سیکرٹریٹ محمد علی عامر اور متعلقہ محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی ۔ ڈاکٹر سعید اختر نے منصوبے کو فاسٹ ٹریک پر مکمل کرنے کے سلسلے میں تمام متعلقہ محکموں و اداروں کی کوششوں کو سراہا ۔

خواجہ سلمان رفیق نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام ہیپاٹائٹس کلینک کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو پی کے ایل آئی کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے تیز رفتاری سے اقدامات کرنے کی ہدایت کی اجلاس میں انجکشن سیفٹی ، انفیکشن کنٹرول، ہاسپٹل ویسٹ مینجمنٹ ، ہیپاٹائٹس بی کی ویکسینشن اور ہیپاٹائٹس بی اور سی میں مبتلاء مریضوں کے علاج ، آگاہی کے معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ عوام کے ساتھ ساتھ شعبہ صحت سے وابستہ ڈاکٹروں و دیگر افراد کوآگاہی فراہم کرنا بھی انتہائی ضروری ہے۔ ڈاکٹر سعید اختر نے کہا کہ وہ پاکستان میں عالمی ادارہ صحت کی گائیڈ لائن اور معیارات کے مطابق ہیپاٹائٹس کنٹرول کے اقدامات کرنے چاہتے ہیں ۔ خواجہ سلمان رفیق نے بہت سے اقدامات کو عملی جامہ پہنانے کے لیے قانون سازی پر زور دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو اس حوالے سے منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت کی اجلاس میں پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن، پی اینڈ ڈی اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔ پی کے ایل آئی ہیپاٹائٹس سرویلنس کے سسٹم کو پنجاب ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کے سرویلنس سسٹم کے ساتھ لنک کرے گا اور بلڈ سیفٹی مکنیزم اور سیف بلڈ ٹرنسفیوژن کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔