چین کے ساتھ تعلقات اسٹریٹیجک ہیں، ایران وزیر خارجہ

 چین کے ساتھ تعلقات اسٹریٹیجک ہیں، ایران وزیر خارجہ

تہران: ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے تہران بیجنگ تعاون کو اسٹریٹیجک قرار دیتے ہوئے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے فروغ پر زور دیا ہے۔


بیجنگ میں ایرانی اور چینی تاجروں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ دونوں ممالک نے تاریخی رابطوں کو اسٹریٹیجک تعاون میں تبدیل کرنے کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔

انہوں نے ایرانی اور چینی تاجروں پر زور دیا کہ وہ باہمی تجارتی اور اقتصادی سرگرمیوں کو پوری طرح سے مہمیز کریں۔ وزیر خارجہ  محمد جواد ظریف نے کہا کہ ایران اور چین کے درمیان تعاون کی بے پنا گناہ گنجائش موجود ہے اور اس کے لیے کوئی حد مقرر نہیں ہے۔

انہوں نے چین کو ایران کا اسٹریٹیجک پارٹنر قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین نے دشوار حالات میں ہمارا بھرپور ساتھ دیا ہے اور دونوں ممالک آئندہ بھی تعاون کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ایران کو چین کا قابل اعتماد اور محفوظ شریک قرار دیا اور یہ بات زور دے کر کہی کہ ایران کی منڈیاں منافع بخش سرمایہ کاری کے لئے پوری طرح آمادہ ہیں۔

انہوں نے شاہرائے ریشم کے احیا کی کوششوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران چین تعلقات کا مستقبل پوری طرح تابناک ہے۔ ایران کے وزیر خارجہ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کے بعد ہندوستان سے چین پہنچے تھے جہاں انہوں نے اپنے چینی ہم منصب سے ملاقات اور گفتگو کی۔

ایران کے وزیر خارجہ چین سے جاپان کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔

نیوویب ڈیسک< News Source