پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی آفیشلز ویب سائٹ کا افتتاح

پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی آفیشلز ویب سائٹ کا افتتاح


اسلام آباد : پاک، چین اقتصادی راہدری منصوبے کی ویب سائٹ کا افتتاح کر دیا گیا۔  چینی سفیر سن وی ڈونگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین نے سلک روڈ بینک اور ایشین انفراسٹرکچر بینک بنا دئیے ہیں۔

اس موقع پر اپنے پیغام میں چینی صدر ژی جنگ پنگ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کی بنیاد اعتماد اور دوطرفہ حمایت پر ہے اور دونوں ممالک ہر اچھے برے وقت کے مخلص دوست ہیں۔

چینی صدر ژی جنگ پنگ کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان کی شراکت داری دونوں ملکوں کی دوستی کی غماز ہے اور دونوں ممالک کو اعلیٰ سطح کے دوروں کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اپنے مسائل پر ایک دوسری کی مدد اور بنیادی مفادات کا احترام کرنا چاہیئے۔ انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک کو باہمی معاونت کو مزید مضبوط کرنے کے ساتھ اسٹریٹیجک تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔

چینی صدر کا کہنا تھا کہ پاک اور چین کو اقتصادی راہداری کو موثر بنانے کے لئے گوادر پورٹ، انفرااسٹرکچر اور توانائی کے شعبوں کے لئے جاری منصوبوں پر تعاون بڑھانا چاہیئے جب کہ راہداری منصوبہ ایسا پھل ہے جس کے ثمرات پورے خطے کو میسر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ غیر روایتی سیکیورٹی خطرات سے نمٹنے، معاشی تعاون اور مشترکہ ترقی کے لئے ہر ممکن سیکیورٹی کی یقین دہانی کراتا ہے۔