بھارتی فوج پر پتھر پھینکنے والی کشمیری لڑکی پر فلم بنانے کا فیصلہ

بھارتی فوج پر پتھر پھینکنے والی کشمیری لڑکی پر فلم بنانے کا فیصلہ

نئی دہلی: بالی وڈ کے معروف ولن گلشن گروور اپنے بیٹے کے ساتھ مشترکہ طور پر نوجوان کشمیری لڑکی ’افشاں عاشق‘ پر فلم بنانے جا رہے ہیں۔ خیال رہے کہ 21 سالہ افشاں عاشق نے رواں برس اپریل میں مقبوضہ کشمیر کے شہر سری نگر میں ایک مظاہرے کے دوران بھارتی فوج پر پتھر پھینکے تھے۔ مظاہرے کے دوران بھارتی فوج پر پتھر پھینکنے کے وقت کھینچی گئی افشاں عاشق کی تصاویر دیکھتے ہی دیکھتے نہ صرف سوشل میڈیا بلکہ بھارتی نیشنل میڈیا پر بھی وائرل ہو گئیں تھیں۔

تصاویر وائرل ہونے کے بعد افشاں عاشق پر مختلف الزامات بھی لگائے جانے لگے کیوں کہ وہ پٹیالہ کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اسپورٹس میں فٹ بال کوچ کی حیثیت سے فرائض سر انجام دے رہی تھیں۔ ایک فٹبالر لڑکی کے ہاتھ میں پتھر دیکھنے کے بعد ان کی تصاویر سوشل میڈیا سمیت بھارت بھر میں وائرل ہو گئیں جس کے بعد ان پر الزامات لگائے گئے۔ تاہم بعد ازاں افشاں عاشق نے وضاحت کی تھی کہ انہوں نے مجبور ہو کر بھارتی فوج کے خلاف پتھر اٹھائے کیوںکہ فوجی اہلکاروں نے نوجوان کشمیری طالبات پر تشدد کیا۔ افشاں عاشق کے مطابق بھارتی فوجی اہلکاروں نے جن طالبات پر تشدد کیا ان میں 2 ان کی طالب علم بھی تھی جس پر انہوں نے اہلکاروں کے خلاف پتھر اٹھائے۔

افشاں عاشق کی اپریل میں وائرل ہونے والی تصاویر میں انہیں نیلے رنگ کے روایتی لباس میں دیکھا گیا تھا جب کہ انہوں نے اپنے چہرے کو ڈھانپ رکھا تھا۔ ان کی تصاویر عین اس وقت کھینچی گئیں جب انہوں نے فوجیوں کی جانب پتھر پھینکے۔ اب ان کی تصاویر وائرل ہونے اور ان کی کہانی سامنے آنے کے بعد بالی وڈ کے ورسٹائل اداکار اور زیادہ تر ولن کے کردار ادا کرنے والے گلشن گروور اپنے بیٹے سنجے گروور کے ساتھ ان کی زندگی پر فلم بنانے جا رہے ہیں۔ ممبئی مرر نے بتایا کہ سنجے گروور جلد ہی امریکا سے بھارت منتقل ہوجائیں گے، جب کہ افشاں عاشق کی زندگی پر بننے والی فلم کی شوٹنگ کا ا?غاز 2018 میں کردیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق سنجے گروور اپنے والد کے ساتھ افشاں عاشق کی زندگی پر ’ہوپ سولو‘ نامی فلم بنائیں گے جس کی ہدایات منیش ہری شنکر دیں گے جو اس سے قبل عجب پریم کی غضب کہانی جیسی فلموں کی ہدایات دے چکے ہیں۔ افشاں عاشق کی زندگی پر بننے والی فلم کا اسکرپٹ ’نیرجا‘ اور ’میری کوم‘ جیسی فلموں کا اسکرپٹ لکھنے والے سیون کودراس لکھیں گے۔

سنجے گروور نے امریکا میں بزنس اور انٹرٹینمنٹ کی تعلیم حاصل کی اب وہ بھارت کے ایسے موضوعات پر فلمیں بنانا چاہتے ہیں جو عالمی مارکیٹ کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں۔ سنجے گروور کے مطابق وہ ہمیشہ سے ہی کشمیری کہانیوں کے دلدادہ رہے ہیں انہیں امید ہے کہ ’ہوپ سولو‘ میں کشمیری لڑکی کی کہانی دنیا کو پسند آئے گی۔ ’ہوپ سولو‘ کی کاسٹ کا فیصلہ نہیں کیا گیا تاہم جلد ہی اس حوالے سے تفصیلات سامنے آنے کی امید ہے۔

دوسری جانب خیال کیا جا رہا ہے کہ سنجے گروور ممکنہ طور پر اپنے اسکول کے کلاس فیلوز اداکاراؤں اور اداکاروں کو بھی کاسٹ کر سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ سنجے گروور کے کلاس فیلوز میں اداکارہ سونم کپور، شردھا کپور، اتھیا شیٹھی، ٹائیگر شروف اور سورج پنچولی شامل ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں