دہلی ٹیسٹ ڈرا، بھارت نے سیریز اپنے نام کر لی

دہلی ٹیسٹ ڈرا، بھارت نے سیریز اپنے نام کر لی

نئی دہلی: بھارت اور سری لنکا کے مابین سیریز کا آخری ٹیسٹ میچ ڈرا ہو گیا جس کے بعد میزبان ٹیم بھارت نے سیریز 1-0 سے اپنے نام کر لی۔ سری لنکن بلے باز دھننجایا ڈی سلوا اور روشن سلوا نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو تیسرے ٹیسٹ میچ میں فتح سے محروم کردیا ۔

تفصیلات کے مطابق دہلی ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز سری لنکن ٹیم نے 31 رنز 3 کھلاڑی آوٹ پر دوسری نا مکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے فتح کیلئے مزید 379 رنز درکار تھے۔دن کی ابتدا میں ہی سری لنکن ٹیم کی مشکلات میں اس وقت مزید اضافہ ہو گیا جب دن کے چھٹے اوور میں رویندرا جدیجا نے اینجلو میتھیوز کو آوٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی۔35 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد دھننجایا ڈی سلوا اور کپتان دنیش چندیمل نے میدان سنبھالا اور پانچویں وکٹ کیلئے 112 قیمتی رنز جوڑ کر اسکور 147 تک پہنچا دیا، اس موقع پر روی چندرن ایشون نے سری لنکن کپتان کی اننگز کا خاتمہ کر کے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، چندیمل 36 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔
اس کے بعد دھننجایا کا ساتھ نبھانے روشن سلوا آئے اور دونوں نے 58 رنز جوڑ کر اسکور 205 تک پہنچایا لیکن اس اہم موقع پر 119 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے دھننجیا ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے۔دھننجیا کے پویلین لوٹنے کے بعد ایک مرتبہ پھر سری لنکا پر شکست کا خطرہ منڈلانے لگا لیکن نروشن ڈکویلا اور روشن سلوا نے ڈٹ کر حریف باو¿لرز کا مقابلہ کیا اور دن ختم ہونے تک کوئی نقصان نہ ہونے دیا۔ جب آخری دن کا کھیل ختم ہوا تو آئی لینڈرز نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 299 رنز بنائے تھے اور اس طرح دونوں ٹیموں کے مابین میچ ڈرا پر منتج ہوا۔
ویرات کوہلی کو سیریز میں دو ڈبل سنچریوں سمیت 610 رنز بنانے پر میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔