پی ایس ایل2 میں شرجیل خان نے سپاٹ فکسنگ کا اعتراف کرلیا

پی ایس ایل2 میں شرجیل خان نے سپاٹ فکسنگ کا اعتراف کرلیا
کیپشن: تصویر بشکریہ ٹوئٹر

لاہور:پاکستان سپر لیگ سیز ن 2 میں سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے والے شرجیل خان نے آخر کار فکسنگ کا اعتراف کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے سیز ن 2 میں سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے والے بائیں ہاتھ کے جارحانہ بلے باز شرجیل خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو خط لکھا ہے جس میں اپنے جرم کا اعتراف کیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل 2)میں سپا ٹ فکسنگ میں شرجیل خان،محمد عرفان،خالد لطیف اور شاہ زیب حسن کے نام سامنے آئے تھے جس کے بعد پی سی بی اینٹی کرپشن ٹربیونل کی جانب سے ایکشن لیا گیا اور الزامات ثابت ہونے کے بعد کرکٹرز کو سزائیں سنائی گئی جن میں کرکٹرز کی اپیلیں بھی مسترد ہوئیں جبکہ شرجیل خان کو اڑھائی سالہ معطلی سمیت 5 سال کی پابندی عائد کی گئی تھی۔


اپنی سزا کو ختم کرانے کے سلسلہ میں شرجیل خان نے چیئرمین پی سی بی سے ملاقات بھی کی تھی جس میں سزا میں رعائت کی درخواست کی گئی تاہم وہ اس میں ناکام رہے۔

آخر کار اب شرجیل خان نے پی سی بی کو خط لکھ دیا ہے جس میں اپنے جرم کا اعتراف کیا گیا جبکہ پابندی ختم ہونے کی صورت میں انہیں پی سی بی کے بحالی پروگرام میں شرکت کرنا ہوگی اور پی سی بی کے تمام اصولوں کی پابندی کرنا ہوگی۔