پی بی 47 میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ جاری

پی بی 47 میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ جاری
کیپشن: صوبائی حکومت نے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں ضلع کیچ میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کے حلقے پی بی 47 میں ضمنی انتخاب کے سلسلے میں پولنگ جاری ہے اور پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے حلقے کے تمام 60 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دے دیا ہے۔ ادھر صوبائی حکومت نے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں ضلع کیچ میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ضمنی انتخابات میں بلوچستان عوامی پارٹی کے رشید رند، بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے میجر (ر) جمیل دشتی اور نیشنل پارٹی کے فدا دشتی میں سخت مقابلے کی توقع ہے۔

خیال رہے کہ 25 جولائی 2018 کے عام انتخابات میں بلوچستان اسمبلی کے حلقے پی بی 47 سے بلوچستان عوامی پارٹی کے عبدالرؤف رند کامیاب ہوئے تھے تاہم الیکشن کمیشن نے دوہری شہرت پر ان کے انتخاب کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔