مسلم لیگ ن قبل از وقت انتخابات کیلئے ہر وقت تیار ہے، نواز شریف

مسلم لیگ ن قبل از وقت انتخابات کیلئے ہر وقت تیار ہے، نواز شریف
کیپشن: عمران خان نے قبل ازوقت انتخابات کی بات کی اس کو سن کرعوام کو خوشی ہوئی ہو گی، نواز شریف۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: احتساب عدالت میں پیشی کے دوران صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ہم نے بجلی کے چار منصوبوں میں 160 ارب روپے بچائے لیکن کسی نے شاباش نہیں دی۔ عمران خان کی بات کیا کروں جو کچھ وہ کر رہے ہیں وہ سب دنیا دیکھ رہی ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان نے قبل ازوقت انتخابات کی بات کی اس کو سن کرعوام کو خوشی ہوئی ہو گی کیونکہ عوام سوچ رہے ہوں گے کہ اچھا ہے ان سے جتنی جلدی جان چھوٹ جائے ٹھیک ہے۔ہم سنجیدہ سیاست کے قائل ہیں اور مسلم لیگ (ن) قبل از وقت انتخابات کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

نواز شریف نے فافن کی رپورٹ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ رپورٹ میں کہا گیا کہ 53 حلقوں میں مستردووٹوں کی تعداد لیڈ سے زیادہ ہے۔ 95 فیصد فارم 45 پر پولنگ ایجنٹوں کے دستخط نہیں تھے اور پاکستان کی تاریخ میں کبھی ایسا دیکھنے میں نہیں آیا۔

نواز شریف نے آصف علی زرداری کے کرپشن کیسز پر بات کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ یہ تو اپنے اوپر عدم اعتماد کرنے والی بات ہے۔

خیال رہے گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان نے سینئر صحافیوں اور اینکرپرسنز سے ملاقات کے دوران کہا تھا کہ جنوبی پنجاب کے معاملے میں ہماری دلچسپی ہے اور ہو سکتا ہے کہ ملک میں قبل از وقت انتخابات ہوں۔