شہباز شریف کو کوٹ لکھپت جیل میں بی کلاس دیدی گئی

شہباز شریف کو کوٹ لکھپت جیل میں بی کلاس دیدی گئی
کیپشن: فوٹو بشکریہ شہباز شریف آفیشل توئٹر

لاہور : سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں  شہباز شریف کو کوٹ لکھپت جیل میں بی کلاس دی دے گئی .

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو بی کلاس ان کی درخواست پر دی گئی ۔شہباز شریف کی درخواست پرانہیں مشقتی کی سہولت بھی مہیا کی جا سکتی ہے.نیب دفتر سے شہباز شریف کا کمبل، ادویات اور ڈائری  کوٹ لکھپت جیل پہنچا دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کے سلسلے میں 5 اکتوبر سے قومی احتساب بیورو لاہور کی تحویل میں ہیں۔نیب آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم، صاف پانی کیس اور اربوں روپے کے گھپلوں کی تحقیقات کر رہا ہے جس میں شہباز شریف سمیت دیگر نامزد ہیں۔

آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم میں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے قریبی ساتھی اور سابق پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔نیب کے مطابق شہباز شریف پر الزام ہے کہ انھوں نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب آشیانہ اسکیم کے لیے لطیف اینڈ کمپنی کا ٹھیکہ غیر قانونی طور پر منسوخ کروا کے پیراگون کی پراکسی کمپنی 'کاسا' کو دلوایا۔

جیل میں بی کلاس کیا ہے ؟

جیل مینول کے مطابق بی کلاس میں ٹیلی ویژن، اخبار اور بیڈ   کی سہولت دی جاتی ہے جب کہ اٹیچ باتھ روم،  کرسی ، میز  پنکھا، ذاتی بستر ، اور ایک مشقتی بھی دیا جاتا ہے۔ان سہولیات کے پیسے قیدیوں کو خود دینے ہوتے ہیں ۔ جیل حکام صرف اس بات کے پابند ہوتے ہیں کہ انہیں سکیورٹی فراہم کی جائے اور بی کلاس کے قیدی دوسرے قیدیوں سے دور رہیں ۔