پاکستانی ہاکی ٹیم کو بڑا جھٹکا، کپتان رضوان سینئر ورلڈ کپ سے آﺅٹ

 پاکستانی ہاکی ٹیم کو بڑا جھٹکا، کپتان رضوان سینئر ورلڈ کپ سے آﺅٹ
کیپشن: Photo by TheDragFlick Twitter Account

لاہور: ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کو بڑا جھٹکا، انجرڈ کپتان رضوان سینئر ورلڈ کپ سے آﺅٹ ہوگئے ہیں اور نائب کپتان عماد بٹ پر ایک میچ کی پابندی عائد ہے۔

تفصیلات کے مطابق، پاکستانی ٹیم کو میگا ایونٹ میں سخت پریشانی کا سامنا اس وقت ہوا جب کپتان رضوان سینئر انجری کی وجہ سے ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے ہیں، ان کی جگہ پر ارسلان قادر کو بلایا گیا ہے جو کہ ویزہ ملنے کے بعد کل بھارت روانہ ہوں گے۔

دوسری طرف نائب کپتان عماد بٹ پر ایک میچ کی پابندی عائد ہے اور ان کی اس پابندی کے خلاف قومی ٹیم نے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن سے اپیل کی ہے۔ عماد بٹ پر ملائشین کھلاڑی کے ساتھ جان بوجھ کر ٹکرانے کا الزام لگا ہے۔ پی ایچ ایف نے چھ سو ڈالرز جمع کروا کر اپیل دائر کر دی ہے۔

اس سے قبل بھارت کے شہر بھونیشور میں کھیلے گئے  میچ میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان میچ ایک، ایک گول سے برابر رہا تھا۔  دونوں ٹیموں نے بھرپور کھیل پیش کیا مگرپہلے  تین  کوارٹرز میں کوئی گول نہ کر سکیں. پاکستان کی جانب سے کھیل کے 51 ویں منٹ میں محمد عتیق نے گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی تاہم  4 منٹ بعد ہی ملائیشیا کے فیصل ساری نے گیند کو پوسٹ میں ڈال کر مقابلہ برابر کر دیا تھا۔اس سے قبل پہلے میچ میں جرمنی کے ہاتھوں پاکستان کو   ایک، صفر سے شکست کا سامنا کرنا پڑ ا تھا۔

ورلڈکپ 2018 میں پاکستان گروپ ڈی میں شامل ہے جس کو گروپ آف ڈیتھ قرار دیا جارہا ہے، اس میں چار بار  کی عالمی چیمپئن پاکستان، تین مرتبہ کی چیمپئن ہالینڈ، دو بار کی عالمی چیمئین جرمنی اور ملائیشیا  کی ٹیمیں شامل ہیں۔