1969 کے بعد پہلی بار پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کا موقع ہے، کیوی کوچ

1969 کے بعد پہلی بار پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کا موقع ہے، کیوی کوچ
کیپشن: Image by Twitter

ابو ظہبی: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ کریگ میک مِلن کہتے ہیں کہ کپتان کین ولیمسن کی 19 ویں ٹیسٹ سنچری اور ہنری نکلولس کی بیٹنگ کی جتنی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 60 رنز پر چار کھلاڑی آوٹ ہونے کے بعد دونوں نے کمال مہارت کے ساتھ پورے دن بیٹنگ کی،  چوتھے دن ہمیں امید نہیں تھی کہ ہم اتنا شاندار کھیل پیش کر یں گے لیکن ایسا ہوا اور اس کا سارا سہرا ولیمسن اور ہنری کو  بجا طور پر دینا پڑے گا۔

42 سالہ میک مِلن نے کہا کہ ٹیسٹ کے نتیجے کے بارے ابھی کچھ کہا نہیں جاسکتا، جیت، ہار اور ڈرا کچھ بھی ہو سکتا ہے کیوں کہ یہ کھیل ہے اور اس میں سب کچھ ممکن ہے۔ نیوزی لینڈ کیلئے 55 ٹیسٹ اور 197 ون ڈے اور 8 ٹی 20 کھیلنے والے دائیں ہاتھ کے سابق بیٹسمین نے کہا کہ ابھی ہماری پاکستان کیلئے ہدف کے بارے میں کپتان سے کوئی بات نہیں ہوئی، رات میں سوچیں گے اور صبح کچھ فیصلہ کریں گے، البتہ ایک بات ضرور کہنا چاہوں گا کہ 1969ءسے ہم پاکستان سے ٹیسٹ سیریز نہیں جیتے تو یہ ضرور ایک اچھا موقع ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یاسر شاہ کی 200 وکٹیں مکمل ہونے کے سوال پر میک مِلن نے کہا کہ ورلڈ کلاس یاسر شاہ بہترین صلاحیتوں کے حامل بولر ہیں ان کی تعریف تو بنتی ہے۔