ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے 40 سال عوام کا خون چوسا: مراد سعید

PML-N, PPP, people, 40 years, Murad Saeed, PTI government

اسلام آباد: وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان میں ان کا پورا ٹبر عدالت سے اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے۔ سپریم کورٹ فیصلے میں ہے کہ انہوں نے ملک کا پیسہ کیسے لوٹا۔

تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی لڑائی این آر او کیلئے ہے ہم کہتے ہیں نہ رو، انہوں نے 40 سال عوام کا خون چوسا۔

شریف فیملی پر تنقید کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ پانامہ لیکس میں ان کی کرپشن اور لوٹ مار قوم کے سامنے آئی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی کرپشن کی وجہ سے گلگت بلتستان کی عوام نے حالیہ انتخابات میں دونوں سیاسی جماعتوں کو مسترد کیا اور وہاں کی عوام نے عمران خان سے محبت کا ثبوت دیا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پشاور کے پی ڈی ایم جلسے میں بھی عوام نے ان کو مسترد کر دیا تھا، یہ صرف میڈیا میڈیا کھیل رہے ہیں عوام سے ان کا تعلق دور دور تک نہیں ہے۔

دوسری جانب معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کے نشتر چلا دیئے، کہتی ہیں کہ کچھ لوگ انتشار پھیلا کر ملک کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، اپوزیشن کو چاروں شانے چت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی پالیسیوں کا ثمر ملنا شروع ہو چکا ہے، معاشی استحکام کا سلسلہ جاری رہے گا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم جلد سیالکوٹ کا دورہ کریں گے، عالمی وبا کی بدترین صورتحال کے باوجود ملکی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے۔ وزیراعظم ملکی ترقی کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں۔

ادھر پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کی حکومت کو گھر بھیجنے کا عزم کر لیا۔