ممبئی ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کو 372 رنز سے شکست، سیریز بھارت کے نام

ممبئی ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کو 372 رنز سے شکست، سیریز بھارت کے نام
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

ممبئی: بھارتی کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 372 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں فتح حاصل کر لی ہے۔ کیوی ٹیم 540 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 167 رنز ہی بنا سکی۔ 
وانکھڑے سٹیڈیم ممبئی میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پہلی اننگز میں 325 رنز بنائے تھے اور کیوی باؤلر اعجاز پٹیل نے تاریخ رقم کرتے ہوئے پوری ٹیم کو تن تنہاءآؤٹ کر دیا تھا۔ بھارت کی جانب سے مایانک اگروال نے 150 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ اشر پٹیل 52، شوبمان گل 44 اور وریدھی من ساہا 27 رنز بنا سکے تھے۔ 
بھارت کے پہلی اننگز میں 325 رنز کے جواب میں کیوی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف 62 رنز پر ہی آؤٹ ہو گئی تھی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے کائل جیمی سن 17 رنز کے ساتھ نمایاں رہے اور ٹام لاتھم نے 10 رنز بنائے جبکہ 9 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں بھی کامیاب نہ ہو سکے۔ 
بھارت کے روی چندرن ایشوین نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 8 اوورز میں 8 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور محمد سراج نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اشر پٹیل نے 2 اور جایانت یادیو نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 
بھارت نے دوسری اننگز میں 7 وکٹوں پر 276 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی اور نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 540 رنز کا ہدف دیا۔ مایانک اگروال ایک بار پھر 62 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ روی پوجارا اور شوبمان گل 47,47 رنز بنا سکے۔ 
نیوزی لینڈ کی جانب سے اعجاز پٹیل نے ایک بار پھر عمدہ باؤلنگ کی اور 26 اوورز میں 106 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ راچن رویندرا نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ 
ہدف کے تعاقب میں کیوی ٹیم محض 167 رنز ہی بنا سکی اور یوں بھارت نے یہ میچ 372 رنز سے جیت لیا۔ ڈیرل مچل 60 رنز کے ساتھ نمایاں رہے اور ہینری نکولس نے 44 رنز بنائے تاہم کوئی اور بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔ 
بھارت کی جانب سے روی چندرن ایشوین سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 22.3 اوورز میں 34 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور جایانت یادیو نے بھی 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اشر پٹیل نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔