پاکستان کے معروف گلوکار نزاکت علی خان انتقال کرگئے

پاکستان کے معروف گلوکار نزاکت علی خان انتقال کرگئے

لاہور: پاکستان کے معروف گلوکار نزاکت علی انتقال کرگئے ۔ نزاکت علی پچھلے چند ماہ سے علالت کا شکار تھے ۔ ان کو طبعیت خراب ہونے پر ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے ۔ ان کی تدفین فیصل آباد میں کی گئی ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ریڈیو ٹی وی اور فلم کے معروف گلوکار نزاکت علی علالت کے باعث انتقال کرگئے ۔65 سالہ نزاکت علی کا فیصل آباد کے معروف گائیک گھرانے سے تعلق تھا انہوں نے بچپن سے ہی کلاسیکل اور نیم کلاسیکل موسیقی کی تربیت حاصل کی تھی ۔ انہوں نے اپنے کیرئیر میں  پاکستان ریڈیو ٹیلی ویژن اور فلم کے لئے کئی یاد گار گیت ریکارڈ کرائے  ۔

ان کے مشہورگیتوں میں  درد رکتا نہیں ایک پل بھی ، ساتھوں رویا نئیں اوجانا  اور دیگر شامل تھے ۔ انہیں  گیت غزل اور کلاسیکل موسیقی پر عبور حاصل تھا۔ان کے گائے ہوئے گیتوں کو پاکستان اور بھارت کے کئی گلوکاروں نے ری مکس کرکے بھی گایا ہے ۔

نزاکت علی پاکستان کے معروف گلوکار امانت علی کے والد تھے ۔ اپنے والد کی وفات پر امانت علی کا کہنا تھا کہ وہ میرے والد ہی نہیں میرے استاد بھی تھے اور میں نے اب تک جو بھی تھوڑا بہت مقام حاصل کیا  ہے وہ انہی کی بدولت ہے ۔

گلوکار امانت علی نے  والدکی وفات پر سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں سے دعائے مغفرت کی اپیل کی ہے ۔