23مارچ اسلام آباد میں ’’مہنگائی مارچ‘‘ اور استعفے کب دینگے ؟مولانا نے بڑے اعلانات کر دئیے

23مارچ اسلام آباد میں ’’مہنگائی مارچ‘‘ اور استعفے کب دینگے ؟مولانا نے بڑے اعلانات کر دئیے

اسلام آباد:سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمن نے حکومت مخالف اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ کو اسلام آباد کی طرف’’ مہنگائی مارچ ‘‘ہو گا ،ملک بھر سے قوم اسلام آباد مارچ میں آئے گی اور اس جعلی حکومت کیخلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں گے ۔

مولا نا فضل الرحمن کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہونے والے پی ڈی ایم اجلاس کے بعد میڈیا سے  گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا اجلاس میں ملک کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا ،مولانا فضل الرحمن نے کہا اس نااہل حکومت کی نااہلی کی سزا پوری قوم بھگت رہی ہے،2018 میں الیکشن کے نتیجے میں عوامی مینڈیٹ سے محروم جعلی حکومت آئی،جعلی حکومت عوام کی سپورٹ سے محروم تھی،موجودہ حکومت دھاندلی سے اقتدار میں آئی جس کا جانا اب لازم ہو چکا ہے ۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا اسلام آباد آنے کی تاریخ تو دے دی لیکن واپس جانے کی تاریخ کا اعلان بعد میں کرینگے ،مہنگائی مارچ کیلئےصوبوں کی سطح پر پی ڈی ایم کے اجلاس بلائے جائیں گے،انہوں نے کہا ہم نے لانگ مارچ کو مہنگائی مار چ کا نام دیا ہے ،مہنگائی سے متعلق اسلام آباد میں احتجاج بھی کریں گے،دوسری طرف بڑا اعلان کرتے ہوئے فضل الرحمن نے کہا بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا شہبازشریف پنجاب میں پی ڈی ایم کا اجلاس کریں گے جبکہ خیبرپختونخوا میں فضل الرحمان ،محمود خان اچکزئی اپنی سربراہی میں بلوچستان میں اجلاس بلائیں گے،اویس شاہ نورانی کراچی میں سندھ کی پی ڈی ایم کا اجلاس بلائیں گے۔

پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمن نے استعفوں سے متعلق صحافیوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ استعفوں کے حوالے سے پی ڈی ایم کا مؤقف اپنی جگہ موجود ہے،اسمبلیوں سے استعفوں کا کارڈ کب اور کیسے کرنا ہے، وقت آنے پر فیصلہ کرنا ہے،استعفوں کا استعمال کب اور کہاں کرنا ہے،اس سے متعلق آئندہ کالائحہ عمل مرتب کریں گے،ابھی مہنگائی مارچ کریں گے، آگے آگے  دیکھیے  ہوتا ہے کیا،انہوں نے کہا قوم یقین رکھے، سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا۔