ایچ ای سی کا لاکھوں طلباءکیلئے آن لائن کورسز شروع کرنے کا فیصلہ 

ایچ ای سی کا لاکھوں طلباءکیلئے آن لائن کورسز شروع کرنے کا فیصلہ 

اسلام آباد: ہائرایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے کوشاں ہے جس نے لاکھوں طلباءکیلئے آن لائن کورسز شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے طلباءکو معیاری تعلیم کے بہترین مواقع ملیں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد کا کہنا ہے کہ تعلیم کے معیارپرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، یونیورسٹیز سے الحاق شدہ ہزاروں کالجز کے متعلق شکایات موصول ہورہی ہیں جس پرکارروائی کی جائے گی، ایجوکیشن کوبزنس سمجھ کرلوگ ذمہ داری بھول جاتے ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ آج ملک میں یونیورسٹیز کی تعداد 249 تک جاپہنچی ہے جبکہ طلبا کیلئے لاکھوں آن لائن کورسز شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے طلبا کو معیاری تعلیم کے بہترین مواقع ملیں گے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ آج تعلیم کے فروغ میں کئی رکاوٹیں ہیں جن میں بڑامسئلہ معیار ہے لیکن اب تعلیم کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، یونیورسٹیز سے الحاق شدہ ہزاروں کالجز میں بہت مسائل ہیں، جن کالجز میں معیاری تعلیم کاماحول نہیں ان کے خلاف کارروائی کریں گے اور ذمہ داروں کااحتساب ہو گا۔ 
ڈاکٹر احمد مختار نے مزید کہا کہ ملک اس وقت مالی خسارے سے گزر رہا ہے، حکومت سے درخواست کی ہے کہ موجودہ حالات میں پبلک سیکٹرمیں نئی یونیورسٹیاں نہ بنائی جائیں جبکہ جاری منصوبوں کی تکمیل پرخصوصی توجہ دینی چاہیے۔
چیئرمین ایچ ای سی نے 15 ارب روپے اعلیٰ تعلیمی کمیشن کیلئے مختص کرنے کے سندھ حکومت کے اقدام کوسراہا اوردوسرے صوبوں سے بھی تعلیم کیلئے خصوصی گرانٹ مہیاکرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ وفاق اکیلا یونیورسٹیوں کے بجٹ کابوجھ نہیں اٹھا سکتا۔

مصنف کے بارے میں