طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت آج ہو گی

طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت آج ہو گی

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے خلاف سپریم کورٹ میں توہین عدالت کیس کی سماعت آج ہو گی۔ جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کیس کی سماعت کرے گا۔ عدلیہ مخالف تقریر پر آرٹیکل 184 تین کے تحت چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے مسلم لیگ ن کے وزیر مملکت طلال چوہدری کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے عدالت کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت کی تھی۔

ذرائع کے مطابق آج طلال چوہدری جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کے سامنے پیش ہوں گے۔ جسٹس مقبول باقر اور جسٹس فیصل عرب بھی بنچ کا حصہ ہوں گے۔

یاد رہے طلال چوہدری نے گوجرانوالہ کے جلسے میں مبینہ طور پر ججز کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کی تھی۔ اس سے قبل بھی جے آئی ٹی اور عدلیہ کو نشانہ بنانے پر سپریم کورٹ نے طلال چوہدری کی تقریروں کی ٹرانسکرپٹ اٹارنی جنرل کو عدالت میں جمع کروانے کا حکم دیا تھا۔