امریکی کمپنی کا ہیروں کی مدد سے سمارٹ فون سکرین بنانے کا فیصلہ

امریکی کمپنی کا ہیروں کی مدد سے سمارٹ فون سکرین بنانے کا فیصلہ

کیلی فورنیا : سمارٹ فون کے پرزے بنانے والی ایک امریکی کمپنی نے پہلی بار ڈائمنڈ سکرین بنانے کا اعلان کر دیا جو کہ آئندہ برس متعارف کروائی جائے گی۔
برطانوی ویب سائٹ ڈیلی میل کے مطابق ماہرین نے پائیدار سکرین کے لیے ڈائمنڈ یعنی ہیرے پر اعتماد ظاہر کیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ ڈائمنڈ میں وہ خوبی پائی جاتی ہے جو موبائل اسکرین کے مسائل مستقبل میں ختم کردے گی۔تاہم امریکی کمپنی پہلی بار ڈائمنڈ اسکرین بنانے کے حوالے سے کام کر رہی ہے۔
امریکی اسمارٹ فون کمپنی نے ڈائمنڈ اسکرین بنانے کے لیے اکھان سیمی کنڈکٹر ٹیکنالوجی کمپنی سے رجوع کیا ہے، جس کا کہنا ہے کہ ہیرے کی اسمارٹ فون اسکرین آئندہ برس 2019 تک متعارف کردی جائے گی۔تاہم اب تک یہ بات سامنے نہیں آئی کہ کونسی امریکی اسمارٹ فون کمپنی، سیمی کنڈکٹر ٹیکنالوجی کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔اکھان کی ڈائمنڈ گلاس اسکرین 'میراج ڈائمنڈ اسکرین 'کے نام سے جانی جائے گی جس میں نینو کرسٹل کیمیکل کے ذرات پھیلے ہوئے ہوں گے، جو گلاس کو ٹوٹنے یا چٹخنے سے محفوظ رکھیں گے۔
واضح رہے کہ نینو کرسٹل ٹی وی، ایل سی ڈی اور ایل ای ڈی کے لیے بھی استعمال کیے جاتے ہیں۔جبکہ آج کل سمارٹ فون اسکرین کی تیاری کے لیے کارننگ گوریلا شیشوں کا استعمال کیا جاتا ہے، جو ایلومینیئم، سلیکون اور آکسیجن پر مشتمل ہوتی ہے، اگرچہ یہ اسکرین کو چٹخنے اور ٹوٹنے سے محفوظ رکھتے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی اسکرین کو نقصان پہنچ ہی جاتا ہے۔