حکومت نے ادویات سستی کرنے کی منظوری دیدی

حکومت نے ادویات سستی کرنے کی منظوری دیدی

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے ادویات کی ریٹیل قیمتوں میں کمی کی منظوری دیدی ہے۔وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔
حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں صوبائی حکومتوں پر زور دیا گیا کہ گنے کے کاشتکاروں کو رقم کی ادائیگی کی ذمہ داری پوری کی جائے اور گنے کے کاشتکاروں کو طے شدہ ریٹ کے مطابق ادائیگی کرائی جائے۔وفاقی کابینہ نے ڈاکٹر شیخ اختر حسین کی بطور سی ای او ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی تقرری کے ساتھ ڈرگ پالیسی کے تحت ادویات کی ریٹیل قیمتوں میں کمی کی منظوری بھی دی۔اس کے علاوہ اجلاس میں مختلف عدالتوں کے ججز کی تعیناتی کی منظوری بھی دی گئی۔
وفاقی کابینہ نے کوثرعباس زیدی کو بطور انسداد دہشت گردی عدالت کے جج تعیناتی کی منظوری دی جب کہ خواجہ وجہیہ الدین کو جج بینکنگ کورٹ پشاورتعینات کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس میں بینکنگ کورٹ پشاور کے جج محمد نسیم کی پشاور ہائی کورٹ واپسی کی منظوری بھی دی گئی۔اس کے علاوہ وفاقی کابینہ نے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی انسٹی ٹیوٹ بہاولپور کے قیام کی منظوری بھی دی جب کہ وزارت اطلاعات پاکستان اور تاجکستان ریڈیو کے درمیان تعاون کے ایم او یو کی منظوری بھی دی گئی۔'