یوسف رضا گیلانی کو ملک سے باہر جانے سے روک دیا گیا

یوسف رضا گیلانی کو ملک سے باہر جانے سے روک دیا گیا
کیپشن: ورلڈ سمٹ میں روانگی کے حوالے سے نیب جج کو آگاہ کر دیا تھا، گیلانی۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: پیپلز پارٹی کے رہنما و سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی لاہور ایئرپورٹ کے ذریعے تھائی ایئر لائن کی پرواز سے بینکاک جا رہے تھے کہ انہیں ایئرپورٹ پر ہی روک لیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں امیگریشن کاؤنٹر پر ایف آٗئی اے حکام نے روکا ہے کیوں کہ نیب میں ان کے خلاف کیسز کی وجہ سے یوسف رضا گیلانی کا نام بلیک لسٹ میں شامل ہے۔

اطلاعات کے مطابق یوسف رضا گیلانی عالمی کانفرنس میں شرکت کے لیے جا رہے تھے اور سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

بیرون ملک جانے سے روکے جانے پر ردعمل دیتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ میں پاکستان چھوڑنے کا تصور تک نہیں کر سکتا۔ ڈیڑھ ماہ قبل ایشیا پیسفک کانفرنس میں شرکت کے لیے نیپال گیا آج براستہ بنکاک سیئول جا رہا تھا کہ مجھے روک کر بنیادی انسانی حقوق کو پامال کیا گیا حالانکہ سیئول میں ہونے والے ورلڈ سمٹ میں روانگی کے حوالے سے نیب جج کو آگاہ کر دیا تھا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ دفتر خارجہ اور محکمہ داخلہ میرے بیرون ملک دوروں سے آگاہ رہے اور میں مسلسل عدالتوں میں پیش ہو کر الزامات کا سامنا کر رہا ہوں۔ پی ٹی آئی حکومت بنیادی انسانی حقوق کی دھجیاں اڑانا بند کرے اور انتقام کا راستہ ترک کرے کیوں کہ یہ خود عمران خان کے لیے اچھا نہیں ہے۔

یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ آزادی اظہار کا گلا گھونٹ کر نیا پاکستان تعمیر نہیں کیا جا سکتا پاکستان کا سابق وزیراعظم اگر جبر کا شکار ہے تو عام آدمی کو کیا تحفظ ملے گا۔