نومولود بچے میں کورونا وائرس کی تشخیص

نومولود بچے میں کورونا وائرس کی تشخیص
کیپشن: تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ بچے میں یہ وائرس کیسے منتقل ہوا، ڈاکٹرز۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ ڈیلی میل

بیجنگ: چین میں پھوٹنے والے جان لیوا کورونا وائرس کی ایک نومولود بچے میں بھی تشخیص سامنے آئی ہے۔ چینی سرکاری میڈیا کے مطابق نومولود کے پیدائش کے صرف 30 گھنٹون بعد اس میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد یہ بچہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا سب سے کم عمر ترین مریض بن گیا ہے۔

چینی مقامی میڈیا کے مطابق کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ شہر ووہان کے ایک نجی اسپتال میں اس بچے کی پیدائش دو فروری کو ہوئی تھی جبکہ بچے کی پیدائش سے قبل والدہ کے تمام میڈیکل ٹیسٹ مکمل کیے گئے تھے جو مثبت آئے تھے۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ بچے میں یہ وائرس کیسے منتقل ہوا۔ڈاکٹرز کی جانب سے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بچہ ماں کے پیٹ میں ہی اس موذی وائرس کا شکار ہوا ہوگا یا پھر پیدائش کے بعد ماں کے انتہائی قریب آنے کی وجہ سے یہ وائرس بچے میں منتقل ہوا۔

سرکاری میڈیا کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ بچے کا وزن سوا 3 کلو ہے اور اس کی حالت اب پہلے سے کافی بہتر ہے جبکہ اسے انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔

واضح رہے کہ نئے سال کے آغاز میں سامنے آنے والے اس جان لیوا وائرس کے سبب چین میں اب تک 563 افراد ہلاک اور 28 ہزار سے زائد متاثر ہو چکے ہیں۔