راولپنڈی:پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کل سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہوگا، بنگلہ دیش کی ٹیم پہلی بار راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ٹیسٹ میچ کھیلے گی، پاکستان ٹیم کی قیادت اظہر علی کرینگے جبکہ بنگلہ دیشی ٹیم مومن الحق کی قیادت میں میدان میں اترے گی۔
بنگلہ دیشی ٹیم 17 سال کے طویل عرصہ کے بعد پاکستان کی سرزمین پر ٹیسٹ میچ کھیلے گی، 2003ءکے بعد بنگلہ دیشی ٹیم پاکستان کی سرزمین پر طویل فارمیٹ کے معرکے میں شرکت کررہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق 17 سال بعد بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم مومن الحق کی قیادت میں ٹیسٹ میچ کھیلنے کیلئے پاکستان پہنچ چکی ہے اور میچ کے لئے تیاریوں میں مصروف ہے، مہمان ٹیم آخری بار 2003ءمیں پاکستانی سرزمین پر کوئی ٹیسٹ میچ کھیلا تھا اور دلچسپ بات یہ ہے کہ اس پاکستان کے خلاف طویل فارمیٹ میں ابھی تک کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان شروع ہونے والا دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آئی سی سی ورلڈ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔
بنگلہ دیشی ٹیم پہلے ٹیسٹ میچ میں شرکت کے بعد اپنے وطن واپس چلی جائے گی اور پھر واحد ون ڈے اور دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں شرکت کے لئے اپریل میں دوبارہ پاکستان آئے گی۔
بنگلہ دیشی ٹیم کیلئے راولپنڈی میں سخت فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں، پاکستان کے دورہ پر آئی مہمان بنگلہ دیشی ٹیم کو سٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیا گیا ہے، مہمان ٹیم کیلئے سکیورٹی کے چار حصار بنائے گئے ہیں، پہلا اندرونی حصار مسلح افواج کے کمانڈوز پر مشتمل ہوگا، دوسرا حصار رینجرز، تیسرا حصار سی ٹی ڈی پولیس جبکہ بیرونی حصار اسلام آباد پولیس پر مشتمل ہے، پاکستان کی ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف اب تک کھیلے گئے ٹیسٹ میچز میں ناقابل شکست ہے، 2001ء سے 2015ءتک دونوں ٹیموں کے درمیان مختلف مقامات پر 10 ٹیسٹ میچ کھیلے گئے، پاکستان نے 9 میچز میں کامیابی حاصل کی جبکہ ایک ٹیسٹ ڈرا ہوا۔
اس طرح پاکستانی ٹیم کی جیت کا تناسب 90 فیصد ہے۔پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 2001ء میں ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا جس میں پاکستانی ٹیم نے اننگز اور 264 رنز سے کامیابی حاصل کی، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلی ٹیسٹ سیریز 2001/02ءمیں بنگلہ دیش میں کھیلی گئی جو پاکستان نے 2-0 سے کلین سویپ کی۔
ڈھاکہ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے اننگز اور 78 رنز جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں اننگز اور 169 رنز سے کامیابی حاصل کی۔2003ء میں بنگلہ دیش نے پاکستان کا پہلا دورہ کیا، اس موقع پر کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز بھی پاکستان نے 3-0 سے کلین سویپ کی، سیریز کا پہلا ٹیسٹ کراچی میں کھیلا گیا جس میں پاکستان نے 7 وکٹوں ، پشاور میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے 9 وکٹوں جبکہ ملتان میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے سخت مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے کامیابی حاصل کی۔
پاکستان نے 2011/12ءمیں بنگلہ دیش میں کھیلی گئی دو ٹیسٹ میچز کی سیریز بھی وائٹ واش کی۔ چٹاگانگ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے اننگز اور 184 رنز جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں 7 وکٹوں سے فتح سمیٹی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ٹیسٹ سیریز 2015ءمیں بنگلہ دیش میں کھیلی گئی، دو میچوں کی سیریز پاکستان نے 1-0 سے اپنے نام کی، بنگلہ دیش نے تاریخ میں پہلی بار پاکستان کے خلاف ٹیسٹ ڈرا کھیلا جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے 328 رنز سے کامیابی حاصل کی۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم پہلی بار راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ بنگلہ دیشی ٹیم نے پہلی بار ایشین ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے 2001ءمیں پاکستان کا دورہ کیا، دونوں ٹیموں کے درمیان تاریخ کا پہلا ٹیسٹ میچ ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا گیا، وقار یونس کی قیادت میں پاکستان نے اس میچ میں اننگز اور 264 رنز سے کامیابی حاصل کی۔بنگلہ دیش نے پاکستانی سرزمین پر واحد ٹیسٹ سیریز 2003ءمیں کھیلی، تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کراچی، دوسرا پشاور اور تیسرا ملتان میں کھیلا گیا۔
آئی سی سی کے مطابق ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں رچی رچرڈسن میچ ریفری جبکہ نائجل لونگ اور کرس گیفنی آن فیلڈ امپائرز کی ذمہ داریاں نبھائیں گے، نائجل لونگ اور کرس گیفنی آن فیلڈ امپائرز کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
راولپنڈی ٹیسٹ میچ میں ماریز ایریزمیس ٹی وی امپائر اور شوزب رضا فورتھ امپائر ہوں گے، رچی رچرڈسن دوسری مرتبہ پاکستان آئے ہیں، وہ اس سے قبل ستمبر2017ءمیں آئی سی سی ورلڈالیون ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے دوران بھی میچ ریفری کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے کمنٹری پینل اور براڈ کاسٹ پلان ترتیب دیا ہوگا ہے، میچ کی براڈ کاسٹ کوریج ٹین سپورٹس کے اشتراک سے ممکن ہوگی جو 23 مختلف ایچ ڈی کیمروں کی مدد سے مداحوں کو ٹی وی سکرین سے جوڑے رکھے گی۔دن کے آغاز سے قبل اور اختتام پر اسٹریٹ ڈرائیو شو کے ذریعے دن بھر کے کھیل پر تجزیہ کیا جائے گا۔
اس موقع پر سابق کرکٹرز رمیز راجہ، بازید خان، اطہر علی خان، شمیم چوہدری اورڈینی موریسن بطورکمنٹیٹرز میچ کے دوران میدان میں ہر لمحہ بدلتی صورتحال پر تبصرہ کریں گے۔ شائقین کرکٹ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ ملائیشیا میں آسٹرو، امریکہ میں وِلو جبکہ پاکستان میں ٹین سپورٹس پر براہ راست دیکھ سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ بنگلہ دیشی ٹیم پہلے ٹیسٹ میچ میں شرکت کے بعد اپنے وطن واپس چلی جائے گی اور پھر واحد ون ڈے اور دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں شرکت کے لئے اپریل میں دوبارہ پاکستان آئے گی۔