کشمیر کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی پر امت مسلمہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں: شاہ محمود قریشی 

کشمیر کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی پر امت مسلمہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں: شاہ محمود قریشی 

نیویارک: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کشمیر کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی پر امت مسلمہ کو خراج تحسین پیش کیا۔
تفصیلات کے مطابق جموں کشمیر پر اوآئی سی رابطہ گروپ کے سفرا کے اجلاس سے  بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جموں کشمیرکےمظلوم عوام سےیکجہتی پر امت مسلمہ کوخراج تحسین پیش کرتا ہوں۔بھا رت کےزیر قبضہ جموں وکشمیرمیں صورتحال عالمی برادری سےچھپی ہوئی نہیں،پاکستان نے مسئلہ کشمیر پر بھرپور سیاسی، سفارتی مہم چلائی، وزیر اعظم نے جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر پر بات کی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی بند کرے، بھارت مقبوضہ کشمیر کو ہندوتوا غالب خطے میں تبدیل کرنا چاہتا ہے, آبادی  کےتناسب میں تبدیلی چوتھے جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ آج مقبوضہ کشمیردنیا کی سب سےبڑی کھلی جیل بن چکا ہے،بھارتی قابض افواج کشمیریوں پر ناقابل بیان مظالم ڈھا رہی ہے، ہزاروں کشمیریوں کا کچھ پتا نہیں کہ قابض بھارتی افواج نے انہیں کہاں قید کررکھا ہے،بھارت نے جموں و کشمیر میں 9لاکھ فوج تعینات کررکھی ہے،مقبوضہ کشمیردنیا میں سب سےزیادہ قابض افواج کی موجودگی والا خطہ بن چکا ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو جسمانی ،سیاسی،نفسیاتی طور پر کچلنے کیلئے بھارتی ظالمانہ مہم جاری ہے۔5اگست 2019کےبھارتی غیرقانونی اقدامات سےمقبوضہ خطہ تاریکی میں ڈوبا ہواہے۔انہوں نے کہا  کہ کشمیریوں کو استصواب رائے سے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے.