امریکہ نے اسامہ بن لادن کے بیٹے کو دہشتگرد قرار دیدیا

امریکہ نے اسامہ بن لادن کے بیٹے کو دہشتگرد قرار دیدیا

واشنگٹن: امریکا نے عالمی دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے بانی رہنما اسامہ بن لادن کے بیٹے اور وارث حمزہ بن لادن کا نام دہشت گردوں کی بلیک لسٹ میں شامل کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے حمزہ بن لادن کا نام عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے کا حکم دیا، جس کا مطلب کوئی بھی امریکی شہری حمزہ سے کسی طرح کا کوئی رابطہ نہیں کرسکے گا، جبکہ امریکا میں اگر ان کے اثاثے موجود ہیں تو وہ بھی منجمد کر لیے جائیں گے۔حمزہ بن لادن اپنے والد اسامہ بن لادن کی 2011 میں امریکا کی خصوصی فورسز کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد القاعدہ میں متحرک نظر آتے ہیں.

اسامہ بن لادن کے ٹھکانے پر کارروائی میں امریکی نیوی سیل کو ملنے والے خطوط میں حمزہ نے اپنے والد سے، ان کے نقش قدم پر چلنے کے لیے ٹریننگ کی درخواوست کی تھی۔

ان خطوط کی جانچ پڑتال کرنے والے سی آئی اے کے تجزیہ کار نے 2009 میں ’اے ایف پی‘ کو بتایا تھا کہ حمزہ نے جس وقت ایبٹ آباد میں چھپ کر رہنے والے اپنے والد کو خط لکھا، تب دونوں نے ایک دوسرے کو 8 سال سے نہیں دیکھا تھا۔

لیکن اسامہ بن لادن، اس وقت ایران میں نظر بند اپنے بیٹے کو القاعدہ کا سربراہ بننے کی تربیت فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔