محمد عامر انجری کا شکار ہو کر دوسری اننگز میں باؤلنگ نہ کر سکے

محمد عامر انجری کا شکار ہو کر دوسری اننگز میں باؤلنگ نہ کر سکے

لاہور: پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین سڈنی میں جاری تیسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلین بلے بازوں نے پاکستانی باؤلرز کی درگت بناتے ہوئے محض 32 اوورز میں 241 رنز ریکارڈ رن ریٹ سے بنائے لیکن اس کی ایک بہت بڑی وجہ پاکستانی باؤلنگ اٹیک کے سرخیل محمد عامر کا دوسری اننگز میں باؤلنگ نہ کرنا تھا۔

سڈنی ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان 315 رنز بنا کر آؤٹ ہوا تو آسٹریلین ٹیم تیزی سے رنز بنانے کا عزم لیے میدان میں اتری اور عامر کی غیر موجودگی نے ان کے حوصلے مزید بلند کر دیے۔

عامر سائیڈ اسٹرین انجری کا شکار ہیں جس کے باعث وہ باؤلنگ کیلئے میدان ہی میں نہ اترے۔ٹیم ذرائع کے مطابق عامر تین سے چار دن میں فٹ ہو جائیں گے اور اگر ضرورت پڑی تو بیٹنگ کیلئے قومی ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔واضح رہے کہ انجری کا شکار عامر نے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ایک بھی وکٹ حاصل نہیں کی تھی جبکہ بیٹنگ میں بھی وہ ناکام رہے تھے۔

عامر کے بغیر پاکستانی باؤلنگ بالکل نڈھال نظر آئی اور آسٹریلیا نے 7.53 کے رن ریٹ سے رنز بنا کر نیا عالمی ریکارڈ بھی بنا دیا۔پاکستان کی جانب سے لیگ اسپنر یاسر شاہ سب سے مہنگے باؤلر رہے جنہوں نے 14 اوورز میں 124 رنز دیے اور ایک وکٹ لی۔عمران خان نے چھ اوورز میں 43 اور اظہر علی نے پانچ اوورز میں 40 رنز کی پٹائی برداشت کی