پاکستان نے بھارتی مداخلت کے خلاف اقوام متحدہ سے رابطہ کر لیا ۔۔۔ اہم ثبوت بھی فراہم کر دیے

پاکستان نے بھارتی مداخلت کے خلاف اقوام متحدہ سے رابطہ کر لیا ۔۔۔ اہم ثبوت بھی فراہم کر دیے

اسلام آباد: پاکستان نےبالآخر اقوام متحدہ سے رابطہ کر لیا ہے اور بھارت کی پاکستان میں مداخلت کے خلاف ڈوزیئر جمع کروا دیا ہے ۔ اس کے ساتھ مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا خط بھی ہے جس میں انڈین ایجنٹ کلبھوشن یادیو کا اعترافی بیان بھی شامل ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا کا کہنا تھا کہ بھارت کی پاکستان میں مداخلت اور دہشت گردی سے متعلق ڈوزئیراقوام متحدہ میں جمع کرادیا گیا، اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے ڈوزیئر اقوام متحدہ کے نئے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیریز کے سپرد کیا۔ پاکستان نے ڈوزیئر میں مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ بھارت کو پاکستان میں مداخلت اورغیرمستحکم کر نے سے روکے کیوں کہ پاکستان ہمسایوں کے ساتھ پرامن تعلقات رکھنا چاہتا ہے۔

ملیحہ لودھی نے سیکریٹری جنرل کو ڈوزیئر کے ساتھ مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا خط بھی دیا جس میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو کے اعترافی بیان کا بھی حوالہ دیا گیا جب کہ خط میں کہا گیا کہ پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایوں سے امن کی پالیسی پر گامزن ہے ، ترقی کے لیے تنازعات کا پرامن حل ضروری ہے اور اقتصادی ترقی اورخوشحالی علاقائی تعاون سے ہی ممکن ہے جب کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا اور کامیابیاں بھی حاصل کیں۔

سرتاج عزیز نے خط میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ فراہم کردہ معلومات کی روشنی میں معاملےکا سنجیدگی سے جائزہ لیا جائے اور اقوام متحدہ بھارت کو پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی سرگرمیوں سے روکے۔

مصنف کے بارے میں