بھارت میں صرف 2فٹ 9انچ کی 18سالہ ’چوہیا لڑکی‘کے چرچے

بھارت میں صرف 2فٹ 9انچ کی 18سالہ ’چوہیا لڑکی‘کے چرچے

نئی دہلی:بھارت میں موجود صرف 2فٹ 9انچ کی 18سالہ ’چوہیا لڑکی‘ کے چرچے ہیں جو کہ چار سال کے بچے کی طرح سوچتی اور باتیں کرتی ہے۔برطانوی جریدے ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں وقت سے پہلے پیدا ہونیوالی لڑکی جس کا نام مندیپ بٹوال ہے اور اس کی عمر 18سال ہے جبکہ اس کا قد صرف 2فٹ اور 9 انچ جو کہ ایک کرکٹ  بیٹ سے صرف ایک انچ زیادہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق مندیپ بونے پن کے بجائے چھوٹے پن کا شکار ہے اور لوگ اسے ’چوہیا لڑکی‘ کے نام سے پکارنے لگے ہیں جبکہ مندیپ 18سال کی ہونے کے باوجود چار سال کے بچے کی طرح حرکتیں اور باتیں کرتی ہے۔

ڈاکٹروں کے مطابق مندیپ کا جسم کافی نحیف ہے اور دن بدن اس کی صحت گرتی جارہی ہے جبکہ اس کے دیگر بہن بھائیوں کی نشوونما بالکل ٹھیک ہے۔مندیپ کی والدہ راج رانی نے کہا کہ ان کی بیٹی کا رویہ چار سالہ بچے کے برابر ہے اور وہ اس کی صحت کو لیکر بہت فکر مند ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنی بیٹی کو ہفتے میں ایک مرتبہ نرسری سکول میں بھیجتے ہیں جہاں وہ چھوٹے بچوں کے ساتھ تھوڑا وقت گزارتی ہے۔

مندیپ کی والدہ نے کہا کہ جب وہ پیدا ہوئی تو اس کا منہ بالکل چوہیا کی طرح تھا اور انہیں اس کی طرح دیکھ کر خوف محسوس ہوتا تھا اور اسے ایک چھوٹے چمچ کیساتھ کچھ کھلایا گیا تھا،ان کا کہنا تھا کہ گائوں والوں نے مندیپ کو عجیب و غریب ناموں سے پکارنا شروع کردیا جس کا ان کو بہت دکھ ہے۔