ظلم کا نشانہ بننے پر لاہور کا رہائشی کھمبے پر خود کشی کیلئے چڑھ گیا

ظلم کا نشانہ بننے پر لاہور کا رہائشی کھمبے پر خود کشی کیلئے چڑھ گیا


لاہور: پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے شیرا کوٹ میں خودکشی کرنے کی نیتسے کھمبے پر چڑھنے والے اشرف نامی نوجوان کو کھمبے سے زندہ اتار لیا، بعد ازاں اسے مزید تفتیش کے لئے تھانہ شیراکوٹ منتقل کر دیا گیا۔


تفصیلات کے مطابق گزشتہ صبح شیرا کوٹ کا ایک رہائشی نوجوان خودکشی کی نیت سے ایک بلند کھبمے پر چڑھ گیا، جسے دیکھتے ہی دیکھتے شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی اور انہوں نے پولیس کو اس واقعہ کی اطلاع دی جس پر پولیس اور ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور انہوں نے کھمبے سے گزرنے والی ہائی وولٹیج تاروں سے کرنٹ ختم کروا کر اشرف نامی نوجوان کو نیچے اترنے کی درخواست کی۔


پولیس کے مطابق خودکشی کی نیب سے کھمبے پر چڑھنے والا نوجوان کاغذ کی چٹوں پر اپنا مسئلہ لکھ کر نیچے پھینکتا رہا تاہم پولیس کی یقین دہانی پر نوجوان کھمبے سے نیچے اتر آیا، جس پر نوجوان کا کہنا تھا کہ علاقے میں دو پارٹیوں کے درمیان لڑائی میں اسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا، اسے انصاف فراہم کیا جائے، واقعہ کے فوری بعد شیرا کوٹ سے ٹھوکر نیاز بیگ جانے والی سڑک کو ہر قسمکی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا، تاہم پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ متاثرہ نوجوان کا ذہنی توازن درست نہیں لگتا۔