پاکستان کو امداد معطل کرنے کی امریکی دھمکیوں پر حیرت ہوئی، شاہد خاقان عباسی

پاکستان کو امداد معطل کرنے کی امریکی دھمکیوں پر حیرت ہوئی، شاہد خاقان عباسی

لندن: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ انہیں پاکستان کو امداد معطل کرنے کی امریکی دھمکیوں پر حیرت ہوئی ہے کیونکہ یہ امداد انتہائی معمولی ہے جبکہ ہمارا ملک دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صف اول کا کردار ادا کررہا ہے۔

برطانوی اخبار گارڈین سے ایک انٹرویو میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنے وسائل سے دنیا میں دہشت گردی کے خلاف سب سے بڑی جنگ لڑ رہا ہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان ایک خود مختار ملک ہے اور اس نے ہمیشہ عالمی معاہدوں کی پاسداری کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم دنیا میں دہشت گردی کے خلاف سب سے بڑی جنگ لڑ رہے ہیں ، ہم یہ جنگ اپنے وسائل سے لڑ رہے ہیں اور عالمی برادری کو اس کا اعتراف کرنا چاہئے، اس جنگ میں ہم نے جانی اور مالی قربانیاں پیش کی ہیں تقریباً37ہزار شہری شہید ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں افراد زخمی ہوئے ہیں اور اس جنگ میں ہماری معیشت کو 120ارب ڈالر سے زیادہ کا نقصان ہوا ہے اس لیے پوری دنیا  کو  اسےتسلیم کرنا چاہیے ہم دنیا سے صرف یہ تسلیم کراناچاہتے ہیں کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پہلے محاذ پر لڑ رہا ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج ہم دہشت گردوں کے خلاف لڑ رہے ہیں اور اگر کوئی یہ کہتا ہے کہ ہم دہشت گردوں کو پناہ دے رہے ہیں اس سے بڑا اور کوئی جھوٹ نہیں ہوسکتا۔ ہم امریکہ کے ساتھ ہر طرح کے رابطے میں رہے ہیں اور انہیں اس بات کی وضاحت کی ہے کہ پاکستان نے دنیا کے امن کے لیے کتنی قربانیاں پیش کی ہیں وزیراعظم نے کہا کہ دنیا افغانستان میں دہشتگردوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہو چکی ہے اور یہ دہشتگرد سرحد پار سے آجکل پاکستان پر حملہ کر رہے ہیں پاکستان نے اپنی سرزمین پر دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتی ہے۔

مصنف کے بارے میں