امریکہ پاکستان کی 2 ارب ڈالر کی امداد روک سکتا ہے : امریکی عہدیدار

امریکہ پاکستان کی 2 ارب ڈالر کی امداد روک سکتا ہے : امریکی عہدیدار


واشنگٹن:ایک امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ امریکا، پاکستان کی لگ بھگ 2 ارب ڈالر کی امداد روک سکتا ہے۔


غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مذکورہ سینئر امریکی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر دعویٰ کیا کہ 'ان 2 ارب ڈالر میں سے ایک ارب ڈالر مالیت کا جدید فوجی ساز و سامان شامل ہے جو پاکستان کو ملنا ہے اور اس میں وہ رقم بھی شامل ہے جو امریکی اور نیٹو کی فوجی رسد کو افغانستان تک پہنچانے کے لیے پاکستان کو ادا کی جاتی ہے '۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ کے پاس تمام تجاویز زیر غور ہیں اور اگر مزید اقدامات اٹھانے پڑے تو اس صورت میں پاکستان کی غیر نیٹو اتحادی کی حیثیت ختم کی جا سکتی ہے یا آئی ایم ایف سے قرضوں کے حصول کو روکا جا سکتا ہے۔


امریکی سینئر عہدیدار کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان مخالف ٹوئیٹ کے بعد سے دونوں ملکوں کے تعلقات تناؤ کا شکار ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے یکم جنوری کو ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے گزشتہ 15 سالوں کے دوران پاکستان کو 33 ملین ڈالر امداد دے کر حماقت کی جبکہ بدلے میں پاکستان نے ہمیں دھوکے اور جھوٹ کے سوا کچھ نہیں دیا۔