ایشز آخری ٹیسٹ : آسٹریلیا نے انگلش ٹیم کو جیت سے دور کر دیا

ایشز آخری ٹیسٹ : آسٹریلیا نے انگلش ٹیم کو جیت سے دور کر دیا

سڈنی: ایشز سیز کے آخری ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے ، تاہم انگلینڈ پر شکست کے بادل منڈلانے لگے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایشز سیریز کے پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن آسٹریلیا نے 193 رنز دو کھلاڑی سے اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو عثمان خواجہ اور کپتان سٹیون سمتھ وکٹ پر موجود تھے۔دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا اور عثمان خواجہ نے ایشز سیریز میں اپنی پہلی سنچری سکور کی۔دونوں کھلاڑیوں نے اسکور 274 تک پہنچا دیا لیکن کھانے کے وقفے سے کچھ دیر قبل اسمتھ 83 رنز بنانے کے بعد معین علی کی گیند پر انہی کو کیچ دے بیٹھے۔
دوسرے اینڈ پر موجود عثمان خواجہ کی دلکش بیٹنگ کا سلسلہ جاری رہا اور انہوں نے شان مارش کے ہمراہ چوتھی وکٹ کیلئے 101 رنز جوڑتے ہوئے دوسرے سیشن میں انگلینڈ کو وکٹ سے محروم رکھا لیکن چائے کے وقفے کے فوراً بعد میسن کرین نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی وکٹ حاصل کرتے ہوئے عثمان خواجہ کی اننگز کا خاتمہ کردیا، انہوں نے ایک چھکے اور 18 چوکوں کی مدد سے 171 رنز بنائے۔
شان مارش کا ساتھ نبھانے ان کے چھوٹے بھائی مچل مارش آئے اور دونوں نے دن بھر کے نڈھال انگلش باولرز کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے خوب خبر لی اور دن کے اختتام تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔جب میچ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ کی پہلی اننگز 346 رنز کے جواب میں آسٹریلیا نے چار وکٹ کے نقصان پر 479 رنز بنائے تھے، مارش سنچری سے دو رنز دوری پر ہیں اور 98 رنز پر ناقابل شکست ہیں جبکہ بھائی مچل مارش 63 رنز پر کھیل رہے ہیں۔آسٹریلیا کو میچ میں اب تک 133 رنز کی برتری حاصل ہے جس کے ساتھ ہی انگلینڈ پر رواں ایشز سیریز میں ایک اور شکست کے سائے گہرے ہو گئے ہیں۔