ایران ،امریکہ جنگ عراق سے زیادہ تباہ کن ہو گی :گورنر پنجاب

ایران ،امریکہ جنگ عراق سے زیادہ تباہ کن ہو گی :گورنر پنجاب

لاہور:گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ امر یکہ ایران جنگ سے بچنے کیلئے اقوام متحدہ سمیت امت مسلمہ سر جوڑ کر بیٹھیں کیونکہ یہ جنگ عراق سے زیادہ تباہ کن ہو گی، جنگی جنون کو ختم ہو نا چاہیے ،کوئی بھی کتنا ہی طاقتوار ملک کیوں نہ ہو سب کو ایک دوسرے کی سالمیت کا احترام کر نا چاہیے . پاکستان میں انشااللہ اقلیتوں کو قائداعظم کے فرمان کے مطابق مکمل تحفظ دیں گے ،اقلیتوں کے جان ومال کا تحفظ حکومت کی ذمہ دار ی ہے جس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے یونیورسٹی آف لاہور میں”پنجاب تاریخ اور کلچر پر بین الاقوامی کانفر نس“کے افتتاحی سیشن سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے وائس چانسلر یونیورسٹی آف لاہور مجاہد کامران سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ جنگیں مسائل کا حل نہیںہوتیں ان سے دہشت گردی اور انتہائی پسندی میں اضافہ ہوتا ہے اور بے گناہ لوگ مارے جاتے ہیں۔ مجھے اس بات پربھی فخر ہے کہ میں نے بطور بر طانوی پار لیمنٹ کے ممبر افغانستان اور عراق جنگ کے خلاف بر طانوی پار لیمنٹ میں اسکی شدید مخالفت کرتے ہوئے ،جنگ کے خلاف بھر پور آواز بلند کی اور آج بھی میں سمجھتاہوں کہ امر یکہ اور ایران کے درمیان خدانخواستہ کوئی جنگ ہوگی تو اس کے اتنے خطر ناک نتائج ہوں گے اور امن دنیا میں ایک خواب بن جا ئیگا۔دنیا کو اس مسئلہ کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کر نا چاہیے پاکستان بھی امر یکہ اور ایران کے در میان کشیدگی کے خاتمے کیلئے جہاں تک ممکن ہوسکے گا اپنا کردار ادا کر یگا۔

تقریب سے خطاب کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ اس وقت دنیا کی سب سے بڑی انڈسٹری سیاحت ہے اور پاکستان میں بھی پہلی بار مذہبی سیاحت کے فروغ کیلئے میری سر براہی میں قائم مذہبی سیاحت اور ورثہ کمیٹی بھر پور کام کر رہی ہے ۔پاکستان نے کرتار پورکے ذریعے دنیا اور اقلیتوں کو امن کا پیغام دیا ہے اور ا س سے سیاحت کو بھی فروغ مل رہا ہے ۔سکھوں کے مذہبی مقامات کے بعد بدھا ارزم پر توجہ دے کر ہم مذہبی سیاحت سے دنیا بھر سے لوگوں کو پاکستان لائیں گے مریم آباد پر توجہ دینے سے پوری دنیا سے کرسچین پاکستان آئیں گے جسکے لیے اقدامات کا آغاز کیا جارہا ہے۔