ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان نے کشمیر کو سرنڈر کیا: احسن اقبال

World Cup, captain, Imran Khan, Kashmir, Ahsan Iqbal

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ تبدیلی سرکار نے مزدور ، نوجوان اور کسان کی زندگی تباہ کر دی ، ن لیگ کی حکومت معاشی نظام موجودہ حکومت سے اچھا چلا رہے تھے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے وزیراعظم عمران خان کو خوب آڑے ہاتھوں لیا ، لیگی رہنما نے کہا کہ کرکٹ کا جو حال ہے وہ سب کیلئے عبرت بن چکا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں ورلڈ کپ جیتا لیکن اس حکومت نے کشمیر کو سرنڈر کیا۔ بھارت نے کشمیر میں وہ اقدام کیا جو 72 سال میں نہیں کیا تھا۔

گزشتہ روز حکومت پر تنقید کرتے ہوئے لیگی رہنما نے کہا کہ دہشت گردوں نے مچھ میں کان کنوں کو قتل کیا ، حکومت امن و امان قائم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ وزیر داخلہ کہہ رہے ہیں کہ دہشت گردی ہونے والی ہے ، قوم تیار رہے ، آپ کس مرض کی دوا ہیں؟ حکومت کا کام ہے دہشت گردی روکے۔ یہ حکومت پاکستان میں لطیفہ حکومت بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کو سیکیورٹی کی نہیں بلکہ نواز شریف کا پاسپورٹ کینسل کرنے کی فکر ہے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ حکومت انتقامی ایجنڈے پر عمل کر رہی ہے ، خواجہ آصف اور شہباز شریف کے تمام اثاثے ڈکلیئرڈ ہیں ، شہباز شریف نے اپنے تمام اثاثے ظاہر کیے ہیں۔ حکومت شہباز شریف کے خلاف ایک پیسے کی کرپشن ثابت نہ کر سکی۔

احسن اقبال نے کہا کہ نیب لندن میں مقدمہ ہار چکا ہے ، نیب کی وجہ سے پاکستانیوں کے 4 ارب روپے ڈوب گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتنی مالیت کے فلیٹ نہیں جتنی زیادہ رقم خرچ کر دی گئی ہے۔ نیب پر اب کون مقدمہ بنائے گا؟ 4 ارب روپے انتقامی کارروائیوں کی نذر کر دیئے گئے۔