امریکہ میں پاکستان کی غیر نیٹو اتحادی کی حیثیت ختم کرنے کا بل

US House, bill, termination, Pakistan, status, non-Nato ally

واشنگٹن : امریکہ کی کانگریس میں ایک ایسا بل پیش کیا گیا ہے جس میں یہ سفارش کی گئی ہے کہ پاکستان سے امریکہ کے غیر نیٹو اتحادی کی حیثیت واپس لے لی جائے۔ جبکہ امریکہ کے میڈیا کا اس بارے میں کہنا ہے کہ نومنتخب امریکی صدر جو بائیڈن کو افغانستان میں پاکستان کی ضرورت ہے اس لئے یہ امید نہیں کہ یہ بل منظور ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق امریکہ کے ممتار ری پبلکن کانگریس مین اینڈی بگس نے 117 ویں کانگریس کے پہلے دن پاکستان کے خلاف یہ بل پیش کیا ہے جس میں یہ تجویز دی گئی ہے کہ پاکستان سے امریکہ کے اہم ترین غیر نیٹو اتحادی کی حیثیت واپس لے لی جائے۔

اس سلسلہ میں واشنگٹن پوسٹ نے اپنے تبصرے میں لکھا ہے کہ خارجہ امور کی کمیٹی میں اس بل کے آگے بڑھنے کا کوئی امکان نہیں ہے ۔ اس بل کے پیش ہونے کی وجہ ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں امریکہ اور پاکستان کے غیر متوازن تعلقات رہے ہیں لیکن ٹرمپ کے آخری دو سالوں میں پاکستان نے افغانستان میں امریکہ کے غیر نیٹو اتحادی کے طور امریکہ اور افغان طالبان مذاکرات میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنے انتخابی منشور میں اس بات کا اعلان کیا تھا کہ وہ افغانستان سے امریکی فوجوں کے انخلا کے حق میں نہیں۔ لیکن وہ افغانستان میں امریکی فوج کے اثر و رسوخ کو کم کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

ہمسایہ ملک بھارت نے اس موقع پر بھی پروپیگنڈہ کا موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیا اور اسے پاکستان میں امریکہ میں سفارتی ناکامی قرار دیا ہے مگر امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایسے کوئی امکان نہیں کہ یہ بل منظور ہو سکے۔

(بشکریہ نئی بات)