محمد رضوان ٹی 20 کرکٹر کے ساتھ سب سے قیمتی کھلاڑی کا ایوارڈ بھی جیت گئے

محمد رضوان ٹی 20 کرکٹر کے ساتھ سب سے قیمتی کھلاڑی کا ایوارڈ بھی جیت گئے
کیپشن: محمد رضوان ٹی 20 کرکٹر کے ساتھ سب سے قیمتی کھلاڑی کا ایوارڈ بھی جیت گئے
سورس: فائل فوٹو

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے سال 2021 کے لیے بہترین کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے اور محمد رضوان ٹی 20 کرکٹر کے ساتھ ساتھ سب سے قیمتی کھلاڑی کا ایوارڈ بھی جیت گئے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے اپنے یوٹیوب چینپ پر ورچوئل تقریب میں ان ایوارڈز کا اعلان کیا جس کی میزبانی روہا ندیم اور سکندر بخت نے کی۔ اس ایوارڈ کے لیے کھلاڑیوں کی نامزدگی اور جیتنے والے کا انتخاب ایک آزاد پینل نے کیا جس میں سابق کپتان راشد لطیف، مرینہ اقبال، طارق سعید، طارق سعید، مظہر ارشد، محمد یعقوب، موہی شاہ، رضوان علی، شاہد ہاشمی اور سہیل عمران شامل ہیإ

پورے سال تمام فارمیٹس میں بہترین کھیل کرنے والے محمد رضوان سال کے سب سے قیمتی کرکٹر کا ایوارڈ جیت گئے۔ انہوں نے 9 ٹیسٹ میچز میں 455 رنز جبکہ 6 ون ڈے انٹر نیشنل میچز میں 134 رنز بنائے البتہ انہوں نے اصل کارنامہ ٹی 20 کرکٹ میں انجام دیا۔

رضوان نے 29 ٹی 20 انٹر نیشنل میچوں میں 1 ہزار 326 رنز اسکور کیے جو ایک عالمی ریکارڈ ہے اور اسی وجہ سے انہیں ٹی 20 کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔ محمد رضوان نے کہا کہ قیمتی کرکٹر اور ٹی 20 کرکٹر کا ایوارڈ جیتنے پر فخر ہے۔

ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے نام رہا جنہوں نے 6 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں 405 رنز بنائے۔ انہوں نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ ایوارڈ جیتنے پر خوشی ہے اور ہمیشہ فینز کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کرتا ہوں۔

گزشتہ سال بابر نے انگلینڈ کے خلاف 150 سے زائد رنز کی اننگز کو سب سے پسندیدہ باری قرار دیتے ہوئے کہا کہ کرکٹ میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں مگر غلطیوں سے سیکھنے کی کوشش کرتا ہوں۔

قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی کو ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر قرار دیا گیا جنہوں نے 9 ٹیسٹ میچز میں 41 وکٹیں حاصل کیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کا اعزز جیتنا باعثِ فخر ہے اور راولپنڈی ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کے خلاف 10 وکٹیں حاصل کرنا کیلنڈر ایئر 2021 کا یادگار لمحہ تھا۔ سال 2021 کی سب سے متاثر کن کارکردگی کا ایوارڈ شاہین شاہ آفریدی نے جیت لیا جنہیں بھارت کے خلاف میچ میں شاندار باؤلنگ پر اس اعزاز سے نوازا گیا۔

بھارت کے خلاف 31 رنز دے کر تین وکٹیں لینے والے شاہین نے کہا کہ یہ ایوارڈ جیتنے پر بہت خوش ہوں اور میں ہمیشہ پاکستان کے لیے عمدہ پرفارمنس کی سوچ لے کر میدان میں اترتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹی20 ورلڈ کپ کا یہ باؤلنگ اسپیل ہمیشہ یادگار رہے گا اور اس باؤلنگ اسپیل میں لوکیش راہُل کی وکٹ ان کی پسندیدہ گیند تھی۔ قومی ٹیم کی اسٹار خاتون کرکٹر ندا ڈار ویمن کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ لے اڑیں۔ ندا ڈار نے 10 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 363 رنز اور 6 وکٹیں حاصل کیں جبکہ 6 ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں 95 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 7 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

ندا ڈار نے پاکستان ویمنز کپ میں بھی 146 رنز اسکور کیے تھے جبکہ 14 وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔ انہوں نے ایوارڈ اپنے مرحوم والد کے نام کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوارڈ جیتنا میرے لیے بہت فخر کی بات ہے، پاکستان کے لیے اچھی پرفارمنس پر ایوارڈ ملنا حوصلہ افزائی کا سبب بنتا ہے۔

نوجوان فاسٹ باؤلر محمد وسیم جونیئر کو ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر قرار دیا گیا۔ فاسٹ باؤلر نے کہا کہ مشکل حالات میں حوصلہ افزائی کرنے پر اپنے دوستوں اور اہلخانہ کا مشکور ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دینے پر اسلام آباد یونائیٹڈ کا شکر گزار رہوں گا اور اب تینوں طرز کی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کو ہدف بنارکھا ہے۔

آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں فتح کے بعد نمیبیا کے ڈریسنگ روم میں جا کر اس کی حوصلہ افزائی کرنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کو اسپرٹ آف دی کرکٹ ایوارڈ دیا گیا۔ امپائر آف دی ایئر کا ایوارڈ مسلسل دوسری مرتبہ آصف یعقوب نے جیت لیا۔

مصنف کے بارے میں