سعودی عرب کی یقین دہانی کے بعد زائرین کو حج کیلئے بھیجا جائے گا: ایران

سعودی عرب کی یقین دہانی کے بعد زائرین کو حج کیلئے بھیجا جائے گا: ایران

تہران: ایران کے وزیر ثقافت اور اسلامی گائیڈنس 'سید رضا صالحی امیری نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے ایرانی عازمین حج کی سیکورٹی اور عزت کو یقین دہانی کے بعد ریاست کی پالیسی کے مطابق ایرانی زائرین کو حج کے لئے سعودی عرب بھیجا جائے گا۔ تہران میں کابینہ کے اجلاس کے بعد صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے حج کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ ریاست نے فیصلہ کیا ہے کہ ضروری اقدامات کے ساتھ ایرانیوں کو اس سال حج پر بھیجا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حج کے حوالے سے ریاست کی پالیسی زائرین کی سیکورٹی اور ان کی عزت کو یقینی بنانے پر مبنی ہے اور انہی شرائط کو ایران کی جانب سے سعودی حکام کے سامنے رکھا گیا اور سعودی عرب نے بھی شرائط پوری کرنے پر یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے بتایا کہ ایرانی حجاج کا تحفظ ایرانی قیادت کی اہم ترجیح ہے۔ وزیر ثقافت نے بتایا کہ حج کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور 31 جولائی کو ایرانی زائرین کا پہلا گروپ سعودی عرب بھیجا جائے گا۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں