بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ آج32 ویں سالگرہ منا رہے ہیں

بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ آج32 ویں سالگرہ منا رہے ہیں

ممبئی: بالی ووڈ کے مشہور اداکار رنویر سنگھ آج اپنی 32 سالگرہ منا رہے ہیں۔ اپنی سالگرہ کے موقع پر وہ بالی وڈ کی مشہور اداکارہ دپیکا پڈوکون کے ساتھ بھی دکھائی دیئے۔ 6 جولائی 1985ء کو بھارتی ریاست مہارشٹرا میں پیدا ہونے والے رنویر سنگھ نے اپنے بالی ووڈ کیرئیر کا آغاز یش راج بینر کی رومانٹک کامیڈی فلم بینڈ باجا بارات سے کیا جس میں ان کے مدِ مقابل انوشکا شرما نے مرکزی کردار ادا کیا۔


بینڈ باجا بارات کی باکس آفس پر شاندار کامیابی سے راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے رنویر نے اس فلم کے لیے ڈیبیو اداکار کے کئی ایوارڈزاپنے نام کیے۔ انوشکا کے ساتھ ہی رنویر سنگھ کی دوسری فلم لیڈیز ورسز رکی بہل بھی باکس آفس پر اچھا بزنس کرنے میں کامیاب رہی اور ناقدین کی جانب سے اُن کی کارکردگی کو بے حد سراہا گیا۔

سال 2014ء میں رنویر کی پریانکا چوپڑا اور ارجن کپور کے ساتھ ریلیز ہونے والی فلم غنڈے بھی باکس آفس پر تہلکہ مچانے میں کامیاب رہی۔ اس کے علاوہ انہوں نے کِل دل، دل دھڑکنے دو، باجی راؤ مستانی اور بے فکرے میں بھی اپنی اداکاری سے مداحوں کے دل جیتے۔