چودہ صدیوں میں مسجد نبوی کی 14 بار توسیع

چودہ صدیوں میں مسجد نبوی کی 14 بار توسیع

ریاض:نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے صحابہ رضوان اللہ علیہم اجمعین نے مسجد نبوی کی بنیاد 1050 مربع میٹر جگہ سے رکھی۔ مسجد کی عمارت کچی اینٹوں، گارے، کھجور کے تنوں اور پتوں سے بنائی گئی۔عرب ٹی وی کے مطابق گذشتہ چودہ سو سال کے دوران مسجد نبوی کی چودہ بار توسیع کی گئی۔ گویا مسجد نبوی کی ہرصدی میں ایک بار توسیع کی جاتی رہی ہے۔

ایک ہزار پچاس مربع میٹر سے شروع ہونے والی مسجد نبوی آج پانچ لاکھ مربع میٹر پر پھیلی ہوئی ہے۔مسجد نبوی کی پہلی توسیع خود نبی اکرم کے زمانے میں کی گئی۔ 1050 مربع میٹر مسجد میں مزید 1425 مربع میٹر کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد مسجد کی جگہ 2500 مربع میٹر ہوگئی۔مسجد نبوی کے شعبہ تعلقات عامہ و اطلاعات کے ڈائریکٹر عبدالواحد الحطاب نے العربیہ ڈاٹ نیٹ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ مسجد نبوی کےقیام کے بعد آج تک اس کی توسیع میں 300 گنا اضافہ کیا گیا ہے۔

آج شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے دور تک مسجد نبوی کی توسیع تین سو گنا ہوچکی ہے۔انہوں نے بتایا کہ جب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے مدینہ منورہ کی طرف ہجرت فرمائی تو انہوں نے سوسائٹی کو مجتمع کرنے کے لے مسجد کی بنیاد رکھی مگر مسجد نبوی سے قبل آپ مسجد قباءتعمیر کرچکے تھے جسے اسلام کی سب سے پہلی مسجد کا درجہ حاصل ہے۔

گذشتہ چودہ صدیوں کے دوران مسجد نبوی 1050 میٹر کی جگہ سے پھیل کر آج پانچ لاکھ مربع میٹرتک پہنچ گئی ہے۔ جیسا کہ اوپر بیان ہوا مسجد نبوی کی پہلی توسیع خود آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم کے دور میں ہوئی اور مسجد کی جگہ 2500 مربع میٹر کردی گئی تھی۔ مسجد نبوی کی یہ پہلی توسیع ساتویں صدی عیسوی میں ہوئی۔سنہ 17 ھ کو دوسرے خلفیہ راشد عمر بن الخطاب نے مسجد نبوی میں 1100 مربع میٹر کی مزید توسیع کرائی جس کے بعد مسجد کا کل رقبہ 3600 مربع میٹر تک پھیل گیا۔

سنہ 29 اور 30 ھ کے دوران تیسرے خلیفہ راشد حضرت عثمان بن عفان نے مسجد نبوی میں 496 مربع میٹر کی توسیع کرائی جس کے بعد مسجد نبوی 4096 مربع میٹر ہوگئی۔ اموی دور حکومت میں خلیفہ ولید بن عبدالملک نے 88 تا 91ھ میں مسجد نبوی میں 2369 مربع میٹر کی جگہ مسجد نبوی میں شامل کرائی جس کے بعد مسجد کا احاطہ 6465 مربع میٹر ہوگیا۔سنہ 161ھ میں عباسی خلیفہ مہدی نے 2450 مربع میٹر کا مزید رقبہ مسجد نبوی کا حصہ بنایا جس کے بعد مسجد 8 ہزار 915 مربع میٹر پر پھیل گئی۔

سن 888ھ کو سلطان اشرف قاتیبائی نے 120 مربع میٹر کی جگہ مسجد نبوی میں شامل کی اور مسجد 9053 مربع میٹر پر پھیل گئی۔ عثمانی خلیفہ سلطان عبدالمجید نے 1293 میٹر مسجد نبوی میں توسیع کرائی جس کے بعد مسجد کا رقبہ 10328 مربع میٹر تک جا پہنچا۔ یہ توسیع 1265ھ میں کرائی گئی تھی۔موجودہ آل سعود خاندان کے دور میں اب تک مسجد نبوی کی تین بار توسیع کی جا چکی ہے۔

موجود حکومت کے دور میں پہلی توسیع شاہ عبدالعزیز کے حکم پر 1372ھ کو کرائی گئی۔ پہلی توسیع میں 6024 مربع میٹر مسجد نبوی میں شامل کیا گیا جس کے بعد مسجد کا احاطہ 16 ہزار 326 میٹر ہوگیا۔شاہ فہد بن عبدالعزیز نے مسجد نبوی میں 82 ہزار مربع میٹر کا اضافہ کیا اور یوں مسجد کا رقبہ 98 ہزار 352 مربع میٹر ہوگیا۔

شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے مزید 30 ہزار 500 مربع میٹر کا رقبہ مسجد نبوی میں شامل کرنے کا حکم دیا جس کے بعد مسجد نبوی اس میں شامل جگہ کا کل رقبہ 3 لاکھ 65 ہزار مربع میٹر ہوگیا۔ نئے توسیع منصوبے کے تحت مسجد کے بیرونی احاطے میں سائے کے لیے 250 سائبان لگائے گئے۔ پانی کو خشک کرنے کے لیے 436 پنکھے اس کے علاوہ ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں