کاسا 1000 منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، وزیراعظم

کاسا 1000 منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، وزیراعظم

دوشنبہ: وزیراعظم نوا زشریف تاجکستان کے دورے پر ہیں انھوں نے کاسا 1000 منصوبے کے حوالے سے چار ملکی اجلاس میں شرکت کی۔ سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کاسا منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے جو وسط ایشیا اور جنوبی ایشیا کو آپس میں ملائے گا۔ بجلی کی ترسیل کے منصوبے سے پاکستان اور افغانستان کو بجلی ملے گی۔ منصوبے سے ماحول دوست توانائی حاصل ہو گی. کانفرنس میں وقفے کے دوران وزیراعظم نواز شریف اور افغان صدر کی غیر رسمی ملاقات بھی ہوئی۔

کاسا 1000 بجلی کی پیداوار کا اہم منصوبہ ہے جس کا مقصد پاکستان اورافغانستان میں بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنا ہے۔ اگلے سال تک مکمل ہونے والے اس منصوبے کے تحت تاجکستان اور کرغزستان، پاکستان اور افغانستان کو سستی توانائی فراہم کریں گے۔

مزید پڑھیں: پاکستان اور تاجکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع ہیں: وزیراعظم

اجلاس میں وزیراعظم محمد نواز شریف، تاجکستان کے صدر امام علی رحمان، افغان صدر اشرف غنی اور کرغزستان کے وزیراعظم سورون بے جین بیکوو شریک ہیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم نواز شریف نے تاجکستان کے صدر امام علی رحمٰن سے ملاقات کی تھی جبکہ دونوں رہنماؤں نے علاقائی یکجہتی کے لیے اسٹریٹجک تعاون کی جانب سفر کے عنوان سے ایک مشترکہ اعلامیے پر بھی دستخط کیے تھے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں