محمدوسیم نے ڈبلیو بی سی رینکنگ ٹائٹل فائٹ جیت لی

محمدوسیم نے ڈبلیو بی سی رینکنگ ٹائٹل فائٹ جیت لی

لندن :مایہ ناز پاکستانی باکسرمحمدوسیم نے ایک اورانٹرنیشنل ٹائٹل اپنے نام کرلیا پاناما میں حریف باکسر کو دوسرے راﺅنڈ میں ہی ناک آﺅٹ کردیا ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے ڈبلیو بی سی سلورفلائی ویٹ چمپئن اور باکسرمحمد وسیم کی انٹرنیشنل چیلنج فائٹ صبح پاناماسٹی کے اسپورٹس جمنازیم میں ہوئی جہاں ان کا مقابلہ پاناما کے باکسرایلی سروالڈیزسے ہوا۔

ورلڈباکسنگ کونسل کے تحت ہونےوالی فائٹ آٹھ راﺅنڈزپرمشتمل تھی تاہم محمدوسیم فائٹ سے قبل ہی جارحانہ موڈ میں نظرآئے اوراس کامظاہرہ انہوں نے فائٹ کے آغاز میں پہلے ہی راﺅنڈ میں حریف باکسر کو ناک آﺅٹ کرکے کیاتاہم اس نے شکست تسلیم کرنے سے انکارکردیا۔

دوسرا راﺅنڈ ہوا تو اس میں بھی محمدوسیم نے مخالف پر تابڑ توڑ حملے کئے اوراسے مکمل ناک آﺅٹ کردیا اس طرح محمدوسیم نے یہ فائٹ دوسرے راﺅنڈ میں جیت کر مسلسل چھٹی فائٹ میں ناقابل تسخیرہونےکااعزازبھی برقرار رکھا۔

باکسروسیم اپنی شاندار کامیابی پر بےحد خوش نظر آئے ان کا کہناتھا کہ انہوں نے اس فائٹ کےلئے زبردست محنت کی تھی، پاکستانی کوچ محمدطارق سے کوچنگ کے علاوہ انہوں نے امریکی ٹرینر جیف مے ویدر سے بھی تربیت حاصل کی جس کی بنا پر وہ اپنی کامیابی کے لئے نہایت پرعزم بھی تھے۔

محمد وسیم کے اہل خانہ نے بھی ان کی کامیابی پر بےحد خوشی کا اظہار کیا باکسرمحمدوسیم بین الاقوامی سطح پر کامیابی کے جھنڈے تو گاڑہی رہے ہیں اب ان کا آئندہ ہدف ڈبلیو بی سی گولڈ ٹائٹل حاصل کرنےکا ہے جس کےلئے وہ رواں سال کے آخر میں جاپانی باکسر سے مقابلہ کریں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں