بھارت میں طوفانی بارشوں سے 20 افراد ہلاک، ہزاروں بے گھر

بھارت میں طوفانی بارشوں سے 20 افراد ہلاک، ہزاروں بے گھر

نئی دہلی:بھارت میں مون سون کی طوفانی بارشوں سے آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 20 افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہوگئے،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں بھارت کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے کے ترجمان نے بتایاکہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے بیشتر واقعات شمالی مشرقی ریاستوں میں پیش آئے ۔

ْ

سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر آسام کی ریاست ہوئی جس کے 27 میں سے نصف اضلاع میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچادی ۔حکام کے مطابق متاثرہ اضلاع کے تقریباً 750 دیہات زیرِ آب آنے سے لگ بھگ چار لاکھ افراد بے گھر ہوئے جن کی اکثریت علاقے میں بہنے والے دریاوں کے بلند کناروں پر پناہ لیے ہوئے ہے۔

حکام کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ہونے والی طوفانی بارشوں کے باعث علاقے میں بہنے والے سب سے بڑے دریا برہم پترا سمیت کئی چھوٹے دریاوں میں بھی پانی کی سطح خطرے کا نشان عبور کرگئی ہے جس سے مزید علاقوں کے زیرِ آب آنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ریاست آسام میں امدادی سرگرمیوں کے نگران ادارے کا کہنا تھا کہ بارشوں اور سیلاب سے گھروں کے علاوہ کئی اضلاع میں کھڑی فصلوں، سڑکوں، پلوں اور دریاوں اور نہروں کے پشتوں کو بھی نقصان پہنچا ۔

حکام نے مون سون کے دوران مزید بارشوں کی پیش گوئی کے پیشِ نظر مزید علاقوں کے زیرِ آب آنے اور متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔برِ صغیر میں مون سون کا موسم جون سے ستمبر تک جاری رہتا ہے جس کے دوران سیلاب کا آنا معمول ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں