کرکٹ کھیلنے اور پاکستان چلانے میں بہت فرق ہے ، آصف زرداری

کرکٹ کھیلنے اور پاکستان چلانے میں بہت فرق ہے ، آصف زرداری

کھپرو: سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ یہ صرف سریا بیچ سکتے ہیں کرکٹ میں اور پاکستان چلانے میں بہت فرق ہے ۔ وقت آئے گا تو  ہم  بتائیں  گے  پاکستان  کیسے  چلایا  جاتا ہے ؟ نیب  والے  روز  ہمیں  تنگ  کرنے  کیلئے  آتے  ہیں  مگر  جو  ضیاء  الحق  کی مارشل لاء پھانسیوں اور  کوڑوں  سے نہیں ڈرے  وہ  ان  بنیوں  سے کیا ڈریں گے ؟پورے سندھ  میں سولو  پمپ  لگوائیں  گے  جس  پر  آپ  کی  زمینیں  دوبارہ  زرخیز  ہوں  گی .

کھپرومیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھٹوازم ایک فلاسفی ہے ایک جذبے اور سوچ کا نام ہے اس کو مجھ سے زیادہ کسی نے قریب سے نہیں دیکھا. ہم اس دھرتی کے لوگ ہیں ہمیں معلوم ہے کیا مسائل و مشکلات ہیں؟ جب بی بی کی شہادت ہوئی تو مجھے پتہ تھا یہ پاکستان کے خلاف بہت بڑی سازش ہے. کچھ بھولے بھٹکے بچوں نے یہ ضرور نعرہ مارا کہ پاکستان نہ کھپے مگر میں نے انہیں کہا کہ پاکستان کھپے .آپ دیکھیں یمن ،شام ، افغانستان اور عراق میں کیا ہورہا ہے ۔ آج بھی اسی بات کا خوف ہے کہ پاکستان کی ڈوریں ان بیووقوفوں کے ہاتھ میں ہیں جو سریا بیچنا جانتے ہیں حکومتیں بنانااور چلانا نہیں جانتے نہ یہ سی پیک سمجھتے ہیں ۔ یہ سی پیک کو صرف دو رویہ سڑک سمجھتے ہیں اور نہ ہی چائنہ کے ساتھ ہمارا الائنمنٹ سمجھتے ہیں ۔ ان کو یہ نہیں پتہ کہ چائنہ کے الائنمنٹ سے چائنہ کو فائدہ ہے اور یقیناًہمیں بھی فائدہ ہے ۔

آصف زرداری نے کہا  اب دنیا بہت آگے بڑھ چکی ہے اور یہ دن بدن پیچھے جارہے ہیں ۔ ان کو کوئی اور مسئلہ نہیں ہے ان کو صرف اپنا مسئلہ ہے اب جے آئی ٹی سے ان کو تکلیف ہے ۔ عمران خان کو تکلیف ہے کرکٹ اور پاکستان چلانے میں بہت بڑا فرق ہے بالنگ اور بیٹنگ سے پاکستان چلانے میں بہت بڑا فرق ہے ۔ انشاء اللہ وقت آئے گاہم انہیں بتائیں گے اور دکھائیں مجھے کسی نے نہیں کہا تھا کہ تھر میں پانی کا مسئلہ ہے مجھے خود علم تھا صرف تھر میں ہی نہیں پورے پاکستان میں پانی کا مسئلہ ہے اور ہمیں اس مسئلے کے حل کی طرف جانا ہے اور جانا پڑے گااور انشاء اللہ ہم جائیں گے. میں نے وزیراعلی سندھ سے بات کی ہے ہم پورے سندھ میں سولو پمپ لگوائیں گے جس پر آپ کی زمینیں دوبارہ زرخیز ہوں گی ۔ ہم نے پائلٹ پراجیکٹس مکمل کئے ہیں جس سے آپ کی 30-30ہزار ایکڑزمین بہتر ہوگئی ہے .ضرور نیب بیچ میں ہے وہ روز ہمیں تنگ کرنے کیلئے آتے ہیں ۔ مگر جو ضیاء الحق کی مارشل لاء پھانسیوں اور کوڑوں سے نہیں ڈرے وہ ان بنیوں سے کیا ڈریں گے الحمداللہ شہیدوں کی پارٹی کی اتنی سمجھ اور سوچ ہے ۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں