حریت کانفرنس کی طرف سے برہان وانی کو تمغہ جرات دینے کا اعلان

حریت کانفرنس کی طرف سے برہان وانی کو تمغہ جرات دینے کا اعلان

سرینگر : مقبوضہ کشمیر میں معروف نوجوان رہنما برہان مظفر وانی کی شہادت کی برسی کے سلسلے میں ہفتہ کے روز مکمل ہڑتال کی جائیگی ۔ بھارتی فوجیوں نے گزشتہ سال 8جولائی کو ایک جعلی مقابلے میں برہان وانی اور انکے دو ساتھیوں کو شہید کردیاتھا ۔ سیدعلی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے ہڑتال کی کال دی ہے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری شبیر احمد شاہ نے سنت نگر سرینگر میں اپنی رہائش گاہ پر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شہید برہان مظفر وانی کو تحریک آزادی کشمیر کیلئے ان کی جرات ،استقامت اور بیش بہا خدمات پر بعد ازشہادت ’’' تمغہ جرات‘‘ دینے کا اعلان کیا ہے ۔

انہوں نے برہان وانی کی جائے پیدائش کو بھی برہان ویلی کے نام سے منسوب کرنے کی اپیل کی ۔ سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے آج سرینگر میں جاری ایک بیان میں مقبوضہ علاقے میں بھارتی قابض انتظامیہ کی طرف سے بار بار کرفیو اور پابندیوں کے نفاذ کی شدید مذمت کی ہے ۔ حریت رہنماؤں نے کہاکہ انتظامیہ کشمیری تاجروں اور سول سوسائٹی کے اراکین کو عوام کے حق میں آواز بلند کرنے پر انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنارہی ہے ۔

جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے سرینگر سینٹرل جیل سے جاری ایک پیغام میں پارٹی رہنماؤں کے گھروں پر چھاپوں اور لبریشن فرنٹ کے ضلع گاندربل کے صدر بشیراحمدراتھر پر کالاقانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرنے کی شدید مذمت کی ہے ۔ادھر پیلٹ وکٹمز ایسوسی ایشن نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں 2016کو بُلٹ،پیلٹ اورشیلنگ کا سال قرار دیا ہے ۔گزشتہ سال ہزاروں افراد زخمی ہوئے اور دس ہزار سے زائد افراد کو پیلٹ گن سے نشانہ بنایا گیا اور سینکڑوں افراد ایک یا دونوں آنکھوں کی بینائی سے محروم ہوگئے ۔یورپی یونین کے ہیڈ کوارٹر برسلزمیں کشمیری فن و ثقافت کے بارے میں ایک نمائش منعقد کی گئی ۔کشمیر کونسل یورپ کے زیر اہتمام نمائش میں کشمیری دستکاریاں، ملبوسات اور کشمیری فن و ثقافت سے متعلق مختلف فن پارے رکھے گئے تھے۔ یورپی عوام کی بڑی تعداد نے نمائش میں رکھے گئے فن پاروں میں خصوصی دلچسپی لی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں