بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری کی نااہلی کیلئے درخواست مسترد

بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری کی نااہلی کیلئے درخواست مسترد
کیپشن: قانون کے تحت کوئی سیاسی جماعت کسی دوسری جماعت کا پرچم اور انتخابی نشان استعمال نہیں کر سکتی، درخواست گزار۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: ہائی کورٹ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے سربراہ آصف علی زرداری کی نااہلی کے لئے درخواست مسترد کر دی۔

لاہور ہائی کورٹ نے اقبال حیدرکی جانب سے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے چیئرمین آصف علی زرداری کی نااہلی کے لئے درخواست کی سماعت کی۔

مزید پڑھیں: فیصلہ آنے دیں پھر دیکھتے ہیں کیا کرنا ہے، آصف کرمانی

درخواست میں موقف اختیارکیا گیا کہ بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی کے منشور پر پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرین کے انتخابی نشان تیر کو استعمال کیا۔ ان کا یہ اقدام الیکشن ایکٹ کے سیکشن 215 کی ذیلی شق 3 کی خلاف ورزی ہے۔

پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے سربراہ آصف علی زرداری پیپلز پارٹی کے پرچم کو استعمال کر رہے ہیں اور ان کا یہ اقدام الیکشن ایکٹ کے سیکشن 200 کی ذیلی شق 2 کی خلاف ورزی ہے۔ قانون کے تحت کوئی سیاسی جماعت کسی دوسری جماعت کا پرچم اور انتخابی نشان استعمال نہیں کر سکتی۔ عدالت بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری کو قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر نااہل قرار دے۔

یہ بھی پڑھیں: تحریکِ انصاف کو کنگز پارٹی بنانے کی کوششیں ہو رہی ہیں، بلاول بھٹو

لاہور ہائی کورٹ نے درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کیا تھا تاہم آج عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں