ڈیمز کیلئے جمع فنڈز کسی کو کھانے نہیں دیں گے، چیف جسٹس

ڈیمز کیلئے جمع فنڈز کسی کو کھانے نہیں دیں گے، چیف جسٹس

یہ نہیں ہونے دیں گے کہ کمیشن کے لوگ ان فنڈز سے گاڑی اور گھر خرید لیں، جسٹس ثاقب نثار۔۔۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد : چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ ڈیمز کے لیے جمع فنڈز کسی کو کھانے نہیں دیں گے،ڈیمز کی تعمیر کے لیے قوم کے بچے پیسے جمع کرکے اپنا حصہ ڈال رہے ہیں،ہر گھنٹے ویب سائٹ اپ ڈیٹ ہونے سے پتا چلتا رہے گا کہ کتنے پیسے جمع ہوئے۔

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان نے ایک کیس کے دوران ڈیمز کی تعمیر کے لیے فنڈز سے متعلق ریمارکس دیئے کہ ہم نے ڈیمز کے لیے فنڈز کی اپیل کر رکھی ہے، ڈیمز کی تعمیر کے لیے قوم کے بچے پیسے جمع کرکے دے رہے ہیں، ہم ڈیمز فنڈز میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں اور سپریم کورٹ کے ججز بھی فنڈز دینے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ڈیمز کے لیے جمع فنڈز کو کسی کو کھانے نہیں دیں گے، اس پر پہرا دیا جائے، یہ نہیں ہونے دیں گے کہ کمیشن کے لوگ ان فنڈز سے گاڑی اور گھر خرید لیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ویب سائٹ ڈیمز سے متعلق ہر گھنٹے بعد اپ ڈیٹ کی جائے گی، ہر گھنٹے ویب سائٹ اپ ڈیٹ ہونے سے پتا چلتا رہے گا کہ کتنے پیسے جمع ہوئے، اسٹیٹ بینک کو بھی اپنی ویب سائٹ پر یہ معاملہ اٹھانے کا کہا ہے۔واضح رہے کہ چیف جسٹس پاکستان نے ڈیمز کی تعمیر کے لیے 10 لاکھ روپے عطیہ کیے ہیں۔