ورلڈکپ سے باہر ہونے کے بعد قومی کرکٹرز کا وطن واپسی کا سفر شروع

ورلڈکپ سے باہر ہونے کے بعد قومی کرکٹرز کا وطن واپسی کا سفر شروع

لندن:ورلڈ کپ 2019 ءکی دوڑ سے باہر ہونے کے بعد قومی کرکٹرز کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

قومی کرکٹرز وطن واپسی کے لیے لندن کے ہوٹل سے ایئر پورٹ کے لیے روانہ ہوگئے جہاں سے وہ الگ الگ پروازوں کے ذریعے آج شب پاکستان پہنچیں گے،کپتان سرفراز احمد اور محمد حسنین کراچی جب کہ بابر اعظم، امام الحق اور آصف علی علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ،لاہور پہنچیں گے۔اوپنر فخر زمان، شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان اور عماد وسیم اسلام آبادآئیں گے جبکہ حسن علی اور حارث سہیل بھی وطن واپس آرہے ہیں۔

فاسٹ باؤلر محمد عامر، وہاب ریاض، محمد حفیظ اور شعیب ملک فی الحال انگلینڈ میں ہی قیام کریں گے جبکہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر جنوبی افریقا جائیں گے۔ورلڈ کپ کے تین میچز میں شکست کے بعد ایونٹ سے آؤٹ ہونےوالی قومی ٹیم کی ناکامی کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کےلئے کرکٹ کمیٹی رواں ماہ ہونے والے اجلاس میں اہم فیصلے کرےگی۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر 10 روز بعد پاکستان آئیں گے، مکی آرتھر، باؤلنگ کوچ اظہر محمود اور منیجر طلعت علی سمیت کئی بڑے ناموں کی چھٹی ہوجائےگی۔ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور چیف سلیکٹر انضمام الحق اپنے عہدوں کی مدت پوری کرچکے ہیں تاہم آئندہ ماہ تمام آفیشلز کے مستقبل کا فیصلہ ہوجائے گا۔