عظمیٰ کاردار کا رکنیت ختم کیے جانے کیخلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ

عظمیٰ کاردار کا رکنیت ختم کیے جانے کیخلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ
کیپشن: پارٹی کے لیے خون پسینہ دیا ہے اور آڈیو لیک کی سازش میرے خلاف ہوئی، عظمیٰ کاردار۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: پی ٹی آئی رہنما اور سابق ترجمان پنجاب حکومت عظمیٰ کاردار نے پارٹی رکنیت ختم کرنےکے خلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر اپنی رکن عظمیٰ کاردار کی بنیادی رکنیت ختم کر دی تھی۔

پارٹی کے اس فیصلے کے خلاف عظمی کاردار نے آج درخواست دائر کر دی جس میں انہوں نے مؤقف اپنایا کہ کسی پبلک پلیٹ فارم پر پارٹی کے خلاف کوئی بات نہیں کی۔ عظمیٰ کاردار نے کہا ہے کہ فیصلے کے خلاف پارٹی کی ایپلٹ کمیٹی میں درخواست دائر کرنے جا رہی ہوں لیکن میں اب بھی میں اپنے قائد عمران خان اور پارٹی کے ساتھ کھڑی ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے لیے خون پسینہ دیا ہے اور پارٹی کے ساتھ ہوں۔ آڈیو لیک کی سازش میرے خلاف ہوئی ہے جبکہ وکلا کی مشاورت سے اقدام کروں گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ رکن پنجاب اسمبلی عظمیٰ کاردار کی خاتون اول کے حوالے سے گفتگو پر مبنی ٹیلی فونک کال لیک ہوئی تھی جس کے بعد انہیں حکومتِ پنجاب کے ترجمان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔