نیویارک فلیٹ کیس، آصف علی زرداری نے نیب سے ایک ماہ کی مہلت مانگ لی

نیویارک فلیٹ کیس، آصف علی زرداری نے نیب سے ایک ماہ کی مہلت مانگ لی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری نے نیویارک فلیٹ انکوائری میں قومی احتساب بیورو (نیب) کو جواب جمع کرا دیا ہے جس میں انہوں نے ایک ماہ کی مہلت طلب کی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق آصف علی زرداری نے نیب میں اپنے وکیل کے ذریعے جواب جمع کرایا جس کی ایک کاپی اسلام آباد ہائیکورٹ میں ان کی پٹیشن کے ساتھ منسلک ہے۔ 
انہوں نے تحریری جواب میں کہا ہے کہ نیویارک فلیٹ پر معلومات اکٹھی کرنے کیلئے ایک ماہ کا وقت دیا جائے، میں نیب اور عدالتوں کا احترام کرتا ہوں اور پیش بھی ہوتا رہا ہوں۔ 
واضح رہے کہ نیویارک میں آصف علی زرداری کے نام پر فلیٹ کا انکشاف ہوا جس پر نیب نے ان سے اپارٹمنٹ کے حوالے سے معلومات طلب کی ہیں اور سوالنامے کا جواب دینے کو کہا گیا ہے۔ 
نیب کی جانب سے انہیں بھجوائے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آصف زرداری نے فلیٹ کو اثاثوں اور گوشواروں میں ظاہر نہیں کیا، اسلام آباد ہائیکورٹ کا دو رکنی بینچ آج آصف علی زرداری کی ضمانت کی درخواست پر سماعت بھی کرے گا۔