حکمرانوں کے پاس اب صرف دو راستے، ملک چلا لیں یا نیب: شاہد خاقان عباسی  

The rulers now have only two options, run the country or NAB: Shahid Khaqan Abbasi
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکمرانوں کے پاس اب صرف دو راستے ہیں کہ وہ یا تو ملک چلا لیں یا نیب، ملک کو نیب کے حوالے کردیں، بہتر چلا لے گا۔

اسلام آباد میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے 6 دن ایل این جی بند کرنا پڑی جس سے پورا ملک بیٹھ گیا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہزاروں ارب کے سکینڈلز پر نیب خاموش ہے۔ نیب اس حکومت کی کرپشن کو بچانے کیلئے استعمال ہو رہا ہے۔ جتنا نقصان نیب نے اس ملک کو پہنچایا، کسی ادارے نے نہیں پہنچایا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جب تک نیب ہے، یہ ملک نہیں چلے گا۔ چیئرمین نیب کو چاہیے جھوٹے کیسز ختم کریں۔ اگر انھیں قانون کی الف ب بھی آتی ہے تو کیسز کو ملاحظہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ پاس ہوتے ہی بجلی 3 روپے مہنگی ہو گئی۔ ابھی تو ملک میں مہنگائی مزید بڑھے گی اور مزید تماشے لگیں گے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر انتخابات پر پوری دنیا کی نظر ہے۔ الیکشن چوری ہوں گے تو پاکستان آگے نہیں بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں شہباز شریف اور رانا تنویر سے معذرت کر چکا ہوں، میری بات کو سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔